صدر عارف علوی کا فلسطینی ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ، اسرائیلی حملوں کی مذمت

پاکستان مسئلےکے حل کیلئے فلسطین کی حمایت جاری رکھے گا، صدرمملکت
شائع 10 نومبر 2023 08:44pm

صدر مملکت عارف علوی نے فلسطینی صدر کو ٹیلی فون کرکے اسرائیلی مظالم کی مذمت کیا اور کہا کہ پاکستان مسئلے کے حل کیلئے فلسطین کی حمایت جاری رکھے گا۔

صدرمملکت عارف علوی نے فلسطین کے صدر محمود عباس سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور پاکستانی عوام اور حکومت کی جانب سے فلسطینی عوام سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیل کی جانب سے مہلک بمباری، اسکولوں اور اسپتالوں کو نشانہ بنانے کی بھرپور مذمت کی۔

صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ غزہ کی صورتحال انتہائی تکلیف دہ ہے، اور پوری قوم اسرائیلی سیکیورٹی فورسز کی بربریت اور دہشتگردی پرغم ناک ہے، پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کے حل کیلئے فلسطین کی حمایت جاری رکھے گا۔

صدرمملکت نے کہا کہ عالمی برادری فوری جنگ بندی، غزہ تک انسانی ہمدردی کی بنیاد پر راہداری کھولنے کیلئے اقدامات کرے۔

مزید پڑھیں: غزہ میں بچوں کو قتل کرنے سے مزید حماس ارکان پیدا ہونگے، ایلون مسک

فلسطینی صدرمحمودعباس نے فلسطین کی حمایت اور انسانی امداد بھیجنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل غزہ میں نسل کشی کر رہا ہے۔

Read Comments