Aaj Logo

شائع 15 نومبر 2023 06:15pm

موت کے بعد بھی سدھو موسے والا کو خاموش نہ کرایا جاسکا، نیا گانا ریلیز

دیوالی کے موقع پر مقتول پنجابی ریپر سدھو موسے والا کا نیا ڈوئیٹ گانا ”واچ آؤٹ“ ان کی موت کے بعد ان کے یوٹیوب چینل پر ریلیز کیا گیا ہے جو فوراً ہی زبردست ہٹ ثابت ہوا۔

سدوموسے والا کے والد بلکور سنگھ نے آنجہانی گلوکار کے مداحوں کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ یہ گانا اصل ریلیز سے دو ماہ قبل مداحوں کی مانگ پر ریلیز کیا گیا۔

گانے کی ریلیز ہونے کے چند گھنٹوں میں ہی لاکھوں لوگوں نے اسے دیکھا۔

اس گانے کو ریلیز کے پہلے 30 گھنٹوں میں 10 ملین سے زیادہ مرتبہ دیکھا گیا اور 1.80 ملین آن لائن صارفین نے اسے پسند کیا۔

ساڑھے تین منٹ پر مبنی اس گانے کے بول شدید دشمنی، انتقام اور ہتھیاروں کے گرد گھومتے ہیں، جو آنجہانی گلوکار کا میوزیکل ٹریڈ مارک ہے۔

گانے کے ابتدائی پیرا میں کہا گیا ہے ’ہم یا تو رائفلیں اٹھاتے ہیں یا جنازے کندھے پر لے جاتے ہیں۔ ہمارے لیے بدلہ یا انتقام ایک تہوار کا جشن ہے‘۔

گانے کے بول دشمنوں کو کھلی وارننگ دیتے ہیں کہ وہ بہتر طور پر اپنے پٹھوں کو مضبوط کریں کیونکہ اگر وہ کبھی گلوکار کے سامنے آئے تو کوئی رحم نہیں کیا جائے گا۔ دھن میں ایک نیم خودکار ترکی ساختہ پستول زیگانا کا حوالہ بھی دیا گیا ہے۔

گانے میں گلوکار نے مزید کہا کہ ’میں نے سنا ہے کہ تمہارے کے پاس دوستوں کی فوج ہے، لیکن ہمارے پاس زیگانا پستول کا ذخیرہ بھی ہے۔‘

یہ گانا 28 سالہ آنجہانی فنکار کا پانچواں گانا ہے جو جو ان کی موت بعد ریلیز کیا گیا۔

سدھو موسے والا کو گزشتہ سال مئی میں ان کے آبائی گاؤں کے قریب بے دردی سے گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔

موسے والا کے ساتھ آواز سکندر کاہلوں کی آواز بھی ہے، جنہوں نے آنجہانی گلوکار کے ساتھ دھن اور کمپوزیشن شیئر کی ہے۔

Read Comments