Aaj Logo

شائع 19 نومبر 2023 05:34pm

ورلڈ کپ فائنل میچ کے دوران میدان میں گھسنے والا فلسطین کا حامی نوجوان گرفتار

ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان اتوار (19 نومبر) کو کھیلی جانے والے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے فائنل میچ میں فلسطین کا حمایتی ایک نوجوان میدان میں نکل آیا، جسے سیکیورٹی نے پکڑ کر باہر نکالا۔

احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں فیلڈ میں گھسنے والے اس نواجن کا تعلق آسٹریلیا سے ہے، جس نے ٹی شرٹ پہن رکھی تھی جس پر فلسطین کے حق میں نعرے درج تھے۔

یہ واقعہ 14ویں اوور کے دوران سامنے آیا، جب یہ نوجان کامیابی سے حفاظتی حصار سے بچ کر میدان میں داخل ہوا۔ اس کی ٹی شرٹ پر سامنے کی طرف ”فلسطین پر بمباری بند کرو“ اور پیچھے ”آزاد فلسطین“ کا پیغام درج تھا۔

اس شخص نے ہم جنس پرستوں کا ”LGBTQ“ والا جھنڈا بھی اٹھایا ہوا تھا اور اس کے ماسک پر فلسطین کا جھنڈا بنا ہوا تھا۔

اس نے سفید ٹی شرٹ کے ساتھ سرخ شارٹس پہن رکھے تھے، جس میں فلسطین کے حق میں نعرے درج تھے۔

اس نوجوان نے سخت حفاظتی اقدامات کے باوجود پچ پر کامیابی سے پہنچ کر ویرات کوہلی کو گلے لگا لیا۔

نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم احمد آباد کے گراؤنڈ اسٹاف نے فوری طور پر نوجوان کو میدان سے باہر نکالا اور بعد میں اسے گرفتار کر لیا گیا۔

گرفتاری کے بعد اس شخص نے بتایا کہ اس کا نام جان ہے اور وہ آسٹریلیا سے ہے۔ اسے سٹیڈیم سے احمد آباد کے چاند کھیڑا پولیس اسٹیشن لے جایا گیا۔

نوجوان نے کہا کہ وہ اس لیے میدان میں آیا کیونکہ وہ ویرات کوہلی سے ملنا چاہتا تھا، اور ٹی شرٹ اس لیے پہنی کیونکہ وہ فلسطین کی حمایت کرتا ہے۔

گرفتاری کے بعد، وہ پیلے رنگ کی ٹی شرٹ میں نظر آیا۔

Read Comments