شہریوں اور دہشتگردوں میں فرق کرنے کی ضرورت ہے، میکرون کا اسرائیلی وزیراعظم کو ٹیلی فون

فرانسیسی صدر میکرون کا اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو ٹیلی فون
شائع 20 نومبر 2023 11:15am

فرانسیسی صدر میکرون نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو ٹیلی فون رابطے کے دوران کہا کہ غزہ میں حماس کے خلاف جنگ میں عام شہریوں کا بہت زیادہ نقصان ہوا ہے، پُرامن شہریوں اور دہشتگردوں میں فرق کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

فرانس کے صدر نے فلسطینی صدر محمود عباس سے بھی ٹیلی فون پر گفتگوکی ہے، جس میں انہوں نے مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کے تشدد کی شدید مذمت کی ہے۔

صدر محمود عباس نے میکرون کو غزہ کی تازہ ترین خطرناک صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ فرانس اسرائیلی قابض حکام پر فلسطینی عوام کے خلاف جاری جارحیت کو روکنے کے لیے دباؤ ڈالے اور انسانی امداد کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

فلسطینی صدر نے کہا مقبوضہ فلسطینی علاقوں کے لیے کوئی سیکورٹی یا فوجی حل نہیں ہے، غزہ کی پٹی فلسطینی ریاست کا اٹوٹ حصہ ہے۔

صدر محمود عباس نے فرانسیسی صدر میکرون کا جنگ بندی اور انسانی امداد کی فراہمی کے ساتھ ساتھ پیرس میں بین الاقوامی انسانی کانفرنس کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا۔

واضح رہے کہ غزہ میں اسرائیلی بمباری سے شہید فلسطینیوں کی تعداد 13 ہزار ہوگئی، شہدا میں پانچ ہزار500 بچے اور 3 ہزار 500 خواتین شامل ہیں۔

Read Comments