Aaj Logo

شائع 20 نومبر 2023 01:28pm

ایون فیلڈ، العزیزیہ ریفرنسز: آئی جی نواز شریف کی پیشی پر سیکیورٹی یقینی بنائیں، سرکلر جاری

رجسٹرار آفس نے نواز شریف کی ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میں سزا کیخلاف اپیلوں پر سرکلر جاری کردی، جس میں آئی جی اسلام آباد کو کہا گیا ہے کہ وہ سابق وزیراعظم کی پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کو یقینی بنائیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق وزیراعظم نوازشریف کی ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میں سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت کے لئے رجسٹرار آفس نے قواعد و ضوابط سے متعلق سرکلر جاری کردیا ہے۔

رجسٹرار آفس کے سرکلر کے مطابق 21 نومبر کو نوازشریف کی اپیلوں پر سماعت ہوگی، آئی جی اسلام آباد نوازشریف کی پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کو یقینی بنائیں۔

سرکلر میں بتایا گیا ہے کہ کمرہ عدالت نمبر ایک میں داخلہ رجسٹرار آفس کی جانب سے جاری سیکیورٹی پاسز سے مشروط ہوگا، درخواست گزار کی قانونی ٹیم کے 15 وکلاء جب کہ اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل کے 5، 5 سرکاری وکلاء کو کمرہ عدالت میں داخلہ کی اجازت ہوگی۔

سرکلر کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے 30 صحافیوں کو کمرہ عدالت میں داخلے کی اجازت ہوگی، جب کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے ملازمین ان انٹری پاسز سے مستثنیٰ ہوں گے۔

Read Comments