Aaj Logo

شائع 22 نومبر 2023 08:43pm

بھارت میں میکڈونلڈز پر چھاپہ، ’حلال‘ مصنوعات ضبط کرلی گئیں

بھارت میں مسلمان دشمنی اور نفرت اس قدر بڑھ گئی ہے حکومتی اہلکاروں نے ”حلال“ کھانے ضبط کرنے شروع کردیے ہیں۔

ریاست اتر پردیش میں حلال مصنوعات پر پابندی عائد کردی گئی ہے اور اس ی کے تحت بھارت کی فوڈ سیفٹی اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ایس ڈی اے) کی ایک ٹیم نے بدھ کو اتر پردیش کے شہر لکھنؤ میں فاسٹ فوڈ کمپنی میکڈونلڈز کے آؤٹ لیٹ پر چھاپہ مارا اور ”حلال“ مصنوعات کو ضبط کرلیا۔

چھاپے کے دوران، ایف ایس ڈی اے کے اہلکاروں نے کھانے پینے کی کئی اشیاء کی جانچ کی اور حلال سرٹیفائیڈ مصنوعات، خاص طور پر پیک شدہ اشیاء قبضے میں لے لیں۔

میکڈونلڈز کے خلاف تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور حکام حلال سرٹیفائیڈ مصنوعات کی فروخت کے سلسلے میں فاسٹ فوڈ چین پر 3 لاکھ روپے تک کا جرمانہ عائد کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

یہ چھاپا اتر پردیش کی حکومت کی جانب سے ریاست میں حلال سرٹیفیکیشن والی خوراک، ادویات اور کاسمیٹک اشیاء کی پیداوار، انہیں ذخیرہ کرنے، تقسیم کرنے اور فروخت کرنے پر مکمل پابندی عائد کرنے کے چند دن بعد آیا ہے۔

تاہم، برآمد کے لیے تیار کردہ حلال سرٹیفیکیشن والی اشیاء پابندی سے مستثنیٰ ہیں۔

چھاپے کے بعد 8 کمپنیاں حلال سرٹیفائیڈ مصنوعات فروخت کرتی پائی گئیں اور ان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے۔

Read Comments