بُکر پرائز آمریت پر لکھے گئے ناول کے آئرش مصنف کو مل گیا
آئرش مصنف پال لِنچ نے اتوار کے روز اپنے ناول ’Prophet Song‘ کے لیے 2023 کا بُکرز پرائز جیت لیا،یہ ناول ایک خاندان اور ایک ایسے ملک کی کہانی ہے جو تباہی کے دہانے پر کھڑا ہے کیونکہ ایک خیالی آئرش حکومت ظلم کی طرف بڑھ رہی ہے۔
لِنچ کا پانچواں ناول مغربی جمہوریتوں میں بدامنی اور شام کی تباہی جیسی آفات سے متعلق بے حسی ظاہر کرنے کی کوشش کرتا ہے۔
بُکرز 2023 کے ججز کے سربراہ ایسی ایڈوگیان کا کہنا تھا کہ یہ ناول ہمیں تنقید نہ کرنے پر امجبور کرتا ہے کیونکہ ہم آئرلینڈ میں اپنے خاندان کو بچانے کی کوشش کرنے والی ایک خاتون کی ہولناک حالت زار کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔ ’ یہ حوصلہ افزائی اور بہادری کی فتح ہے’۔
پال لِنچ جو پہلے آئرلینڈ کے سنڈے ٹریبیون اخبار کے چیف فلم نقاد تھے، نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ قارئین ان کی تحریر کی شدید حقیقت پسندی کے ساتھ ڈسٹوپیا کو بڑھا کر مطلق العنانیت کو سمجھیں۔
لِنچ نے بُکرپرائز ویب سائٹ پر شائع ہونے والے تبصروں کے حوالے سے کہا کہ ، ’ میں قارئین کے احساس کو اس حد تک گہرا کرنا چاہتا تھا کہ کتاب کے اختتام تک وہ نہ صرف جان سکیں بلکہ خود بھی اس مسئلے کو محسوس کر سکیں۔
وہ آئرس مرڈوک، جان بین ول، روڈی ڈوئل اور این این رائٹ کے بعد بوکر پرائز جیتنے والے پانچویں آئرش مصنف بن گئے ہیں۔ شمالی آئرش سے تعلق رکھنے والی مصنفہ اینا برنز نے 2018 میں یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔
سال 1969 میں پہلی بار دیے جانے والے بُکرز ایوارڈ کے سابق فاتحین میں مارگریٹ ایٹ ووڈ، سلمان رشدی اور یان مارٹل شامل ہیں۔