Aaj Logo

اپ ڈیٹ 27 نومبر 2023 05:37pm

نگراں وزیراعظم کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست ناقابل سماعت قرار

لاہور ہائیکورٹ نے نگران وزیراعظم کو عہدے سے ہٹانے کیلئے دائر درخواست کے قابل سماعت ہونے پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے درخواست ناقابل سماعت قرار دے دی۔

جسٹس شاہد بلال حسن نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے درخواست خارج کردی۔

جسٹس شاہد بلال نے ایڈووکیٹ محمد مقسط کی درخواست پر ابتدائی سماعت کی۔

سرکاری وکیل کی جانب سے کہا گیا کہ آئین میں ایسانہیں ہے کہ نگراں وزیراعظم کی تقرری محض 90 دن کے لیے ہے، اگر ملک کا ایگزیکٹو نہیں ہوگا تو ملک چلے گا کیسے۔

عدالت نے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

واضح رہے کہ نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو عہدے سے ہٹانے کیلئے دائردرخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ انوار الحق کاکڑ کی تقرری 90 روز کی مدت 15 نومبر کو مکمل ہونے کے بعد غیر مؤثر ہو چکی ہے، لہٰذا آئینی طور پر وہ نگراں وزیراعظم نہیں رہے۔

نگراں وزیراعظم کو عہدے سے ہٹانے کیلئے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر

درخواست کے متن میں مزید کہا گیا تھا کہ نگراں وزیراعظم کی مدت میں الیکشن کمیشن نے توسیع نہیں کی، عدالت نگراں وزیراعظم کو عہدے سے ہٹانے کا حکم جاری کرے۔

Read Comments