Aaj Logo

شائع 27 نومبر 2023 11:30am

ڈاؤ میڈیکل کالج میں اوورسیز پاکستانیوں سے ڈالرز میں فیس وصولی پر فریقین کو نوٹس جاری

سندھ ہائی کورٹ نے ڈاؤ میڈیکل کالج کراچی میں اوورسیز پاکستانیوں سے ڈالرز میں فیس وصولی کے معاملے پر فریقین کو نوٹس جاری کردیے۔

طالب علم نے ڈالرز میں فیس وصولی کے خلاف پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل اور ڈاومیڈیکل کالج کےخلاف عدالت سےرجوع کیا تھا۔

قائمقام چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس عقیل احمد عباسی نے برہمی کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ ڈالرجمع کرنےکایہ کونسا طریقہ ہے؟ ملک میں ڈالرزکی پہلے ہی قلت ہے۔ ڈالر کی قیمت تو روز اوپر نیچے ہوتی ہے۔

قائم مقام چیف جسٹس نے ریمارکس میں مزید کہا کہ آج ڈالر کا ریٹ 100، کل 200، پھر 300 روپے ہو جائے گا، یہ تو میڈیکل کے طالب علموں کے ساتھ زیادتی ہے۔

درخواست گزار کے وکیل عمیر عثمان ایڈووکیٹ نے اپنے دلائل میں کہا کہ دہری شہریت رکھنےوالوں کو فارن نیشنل قراردیا گیا ہے، کہا جاتا ہے ڈالرز بھی براہ راست امریکا سے بھیجو۔

جسٹس عقیل احمد عباسی نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ لگتا ہےانہیں ترسیلات زربڑھانی ہیں، درخواست پرجائزہ لینےبعدفیصلہ کریں گے۔

عدالت نے درخواست کو پہلے سے زیر سماعت درخواستوں کے ساتھ یکجا کردیا۔

واضح رہے کہ سندھ ہائی کورٹ میں درخواست ایم بی بی ایس کے طالب عالم سمیر احمد صدیقی نے دائر کی تھی۔

Read Comments