Aaj Logo

شائع 30 نومبر 2023 01:43pm

40 دن کے بعد اب مزید چلہ نہیں کاٹ سکتا، شیخ رشید

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ 40 دن کا چلہ کاٹا مزید چلہ نہیں کاٹ سکتا، راولپنڈی کے دونوں حلقوں سے الیکشن لڑوں گا، الیکشن میں ن لیگ کو غش پڑیں گے۔

لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو لمبا ریلیف ہے، بلکہ ریلیف ہی ریلیف ہے، لیکن عوام میں ان کی مقبولیت متاثر ہورہی ہے، جو شخص عوام کو بیوقوف سمجھتا ہے وہ خود سب سے بڑا بیوقوف ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جس نے شہبازشریف کی 16 ماہ تباہی دیکھی اسے الیکشن مہم کی ضرورت نہیں، مسلم لیگ کو الیکشن میں غش پڑیں گے، میں 10 دسمبر سے الیکشن کیمپین شروع کروں گا، راولپنڈی کے دونوں حلقوں سے الیکشن لڑوں گا، اور قلم دوات جیتے گی۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ 5 مئی سے 20 مئی تک راولپنڈی میں موجود نہیں تھا، اور نو مئی کے واقعات میں کسی وڈیو یا مظاہرے میں شریک نہیں تھا، لیکن ہاتھی کے پاؤں میں سب کے پاؤں والی بات ہے، چلہ کاٹنے کے بعد میرا نام نو مئی کے مقدمات میں ڈالا گیا، اور جس بندے نے میری گاڑی کی ضمانت دی تھی اس کو بھی اٹھایا گیا۔

شیخ رشید نے کہا کہ انکا خیال تھا کہ یہ مجھے لال حویلی سے باہر پھینکین گے لیکن عزت اللہ دینے والا ہے، پہلے ہلکی پھلکی موسیقی تھی پھر 40 دن کا چلہ کاٹا، اب مزید چلہ نہیں کاٹ سکتا، مجھ سے ایسی بات نہ کہلوائیں کہ 40 دن کا چلہ کاٹنے کے بعد مجھے پھر چلہ کاٹنا پڑے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کا چیئرمین کے حوالے سے فیصلہ درست ہے، اب مجھے لگتا ہے کہپی ٹی آئی کو بلے کا نشان ملنے کا امکان ہے، باقی میں کچھ نہیں جانتا۔

Read Comments