اپ ڈیٹ 14 دسمبر 2023 09:34am

سونونگم نے چوری شدہ گانا گانے پر پاکستانی گلوکار سے معافی مانگ لی

بھارتی معروف گلوکار سونونگم نے پاکستانی گلوکار عمر ندیم کا گانا چرانے پر معافی مانگ لی ہے۔

انسٹا گرام پر پاکستانی گلوکارعمر ندیم نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ انہوں نے عاجزی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سونونگم کی معافی قبول کر لی ہے۔

مذکورہ پوسٹ میں عمر ندیم نے سونونگم کے کمنٹس کے چند اسکرین شاٹ شیئر کیے ہیں۔

اسکرین شاٹس کے مطابق بھارتی گلوکار نے گانے کی کاپی کا اعتراف کرتے ہوئے معافی تو مانگی لیکن ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ انہوں نے مذکورہ گانا اس سے قبل نہیں سنا تھا اور اگر سن لیتے تو ٹی سیریز کے لیے یہ گانا کبھی ریکارڈ نہ کرواتے۔

بھارتی گلوکار نے یہ بھی بتایا کہ اس گانے کو انہوں نے فلمی نقاد کے آر کے، جو دبئی میں ان کے پڑوسی ہیں، کے کہنے پر ٹی سیریز کے بینر تلے ریکارڈ کروایا تھا۔

سونونگم نے پاکستانی گلوکار کے گانے کی تعریف کرتے ہوئے اصل گانے کو کاپی کیے ہوئے گانے سے بہتر قرار دے دیا۔

اس سے قبل گزشتہ دنوں عمر ندیم نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر سونو نگم کو 2009 کا گانا ’اے خدا‘ چوری کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا تھا ۔

انہوں نے ایک پوسٹ میں کہا تھا کہ اگر اس موقع پر ایسا کچھ ہوتا ہے تو انہیں زیادہ پرواہ نہیں ہے لیکن وہ کم از کم کریڈٹ میں ان کا ذکر کر سکتے ہیں ۔

واضح رہے کہ سونو نگم نے حال ہی میں ڈی جے شیز ووڈ کے ساتھ مل کر ٹی سیریز کے لئے ایک گانا گایا ہے جس کا عنوان سن زارا ہے۔

سن زرا پاکستانی گلوکار عمر ندیم کے گانے ’اے خدا‘ کی کاپی ہے۔ انہوں نے یہ گانا 14 سال قبل ریلیز کیا تھا ۔

Read Comments