Aaj Logo

شائع 14 دسمبر 2023 12:00am

وفاقی حکومت نے ملک بھر میں یوریا کھاد کے نرخوں میں خود ساختہ اضافے کا نوٹس لے لیا

وفاقی حکومت نے ملک بھر میں یوریا کھاد کے نرخوں میں خود ساختہ اضافے کا نوٹس لے لیا، اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کسانوں کو یوریا کھاد کی مقررہ نرخوں پر فراہمی کی ہدایت کردی۔

نگراں وزیر خزانہ شمشاد اختر کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس ہوا، اجلاس میں یوریا کھاد کی طلب اوررسد سے متعلق رپورٹس کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران ای سی سی نے کاشتکاروں کو یوریا کھاد کی فراہمی اور قیمتوں سے متعلق سخت نوٹس لے لیا۔

کمیٹی نے کاشتکاروں کو یوریا کھاد مقررہ نرخوں پرفراہمی کی ہدایت کردی۔

نگراں وزیرخزانہ نے ہدایت کی کہ یوریا کھاد سرکاری نرخ سے زائد پرفروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے، کاشتکاروں کو یوریا کھاد کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

وزارت خزانہ کے مطابق ای سی سی کو ملک میں مہنگائی کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔

اعلامیے کے مطابق کمیٹی کو بریفنگ دی گئی کہ ملک میں مہنگائی کی صورتحال برقرار ہے، توانائی کی قیمتوں میں حالیہ اضافے سے مہنگائی بڑھی ہے۔

وزارت خزانہ نے متعلقہ وزارتوں کو مہنگائی کنٹرول کرنے کے حوالے سے اقدامات کی ہدایت کی ہے۔

اجلاس میں وزارت توانائی کی جانب سے کے الیکٹرک کے ساتھ معاہدے سے متعلق سمری کا جائزہ لیا گیا۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کے الیکٹرک کے ساتھ واجبات سے متعلق سمری مؤخر کردی اور پاور ڈویژن کو کے الیکٹرک سے متعلق سمری آئندہ اجلاس میں دوبارہ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

Read Comments