Aaj Logo

شائع 15 دسمبر 2023 03:14pm

’عورت کے ساتھ ظلم ہو تو وہ طلاق لے سکتی ہے، عشنا شاہ

پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی مقبول اداکارہ عُشنا شاہ نے اپنی والدہ سے متعلق حیران کن انکشافات کیے ہیں۔

عُشنا شاہ نے یوٹیوب چینل کو انٹرویو میں نجی زندگی اور پاکستان میں دِکھائے جانے والے ڈراموں سے متعلق اظہارِ خیال کیا ۔

اداکارہ نے پاکستانی ڈراموں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے ان ڈراموں میں کام کرنے کا بہت دُکھ ہے جس میں شادی کے بعد خاتون کے ساتھ ظلم و ستم تو دکھایا جاتا ہے لیکن ڈرامے کے آخر میں یہ بھی دکھایا جاتا ہے کہ لڑکی سُسرال والوں کو معاف کردیتی ہے اور سب صحیح ہوجاتا ہے‘۔

عُشنا شاہ نے مزید کہا کہ ’ہر دفعہ یہ دکھانا صحیح نہیں ہے، یہ کیوں نہیں دکھایا جاتا کہ لڑکی نے علیحدگی اختیار کرلی، شادی کے بعد طلاق کو اتنا برا کیوں سمجھا جاتا ہے‘۔

اس وجہ پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’یہ چیز مجھے اس لیے ناپسند ہے کیونکہ میں بھی ایک طلاق یافتہ گھرانے سے تعلق رکھتی ہوں۔ میری والدہ سنگل پیرنٹ تھیں‘۔

اپنی والدہ کی مشقت بھری زندگی سے متعلق عُشنا شاہ نے کہا کہ ’میری والدہ نے تین تین نوکریاں کرکے ہم بچوں کی پرورش کی ہے۔ میری والدہ نے اشتہاریات، ریڈیو، رائٹنگ سمیت کئی شعبوں میں کام کیا ہے۔ انہوں نے بہت محنت کی ہے لیکن اپنے لیے کچھ بھی نہیں کیا، انہوں نے ہمارے لیے بہت قربانیاں دی ہیں‘۔

انہوں نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’ڈراموں میں یہ دکھانا کہ گھر کسی صورت نہیں ٹوٹ سکتا سراسر غلط ہے‘۔

خواتین کی حمایت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’ٹھیک ہے کہ طلاق اللہ کو ناپسند ہے لیکن جو حق اللہ نے عورت کو دیا ہے کہ جب اس کے ساتھ شادی شدہ زندگی میں ظلم و زیادتی ہو تہ وہ الگ ہوسکتی ہے‘۔

عُشنا شاہ پاکستان کی بولڈ اداکارہ ہیں جو اکثرو بیشتر سوشل میڈیا پر ظلم و ستم سے متعلق اپنی آواز بُلند کرہتی رہتی ہیں۔

انہوں نے اب تک کئی ڈراموں میں اداکاری کی ہے، ان کی اداکاری کو ان کے مداحوں کی جانب سے خوب پسند کیا جاتا ہے۔

Read Comments