Aaj Logo

شائع 15 دسمبر 2023 05:15pm

پیپلزپارٹی کو عدالتی فیصلے پر تحفظات ، ’الیکشن کمیشن نے انتخابی شیڈول کا اعلان کرنا تھا، کیا خلائی مخلوق یہ کردار ادا کرے گی‘

پیپلزپارٹی نے لاہورہائیکورٹ کے الیکشن کے حوالے سے فیصلے پر تحفظات کا اظہارکردیا۔ پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے سولہ دسمبر کو الیکشن شیڈول کا اعلان کرنا تھا، کیا خلائی مخلوق یہ کردارادا کرے گی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ نے آرآوز اور ڈی آر اوز کیلئے بیورو کریسی کی تعیناتی پر تحفظات کا اظہار کیا، اب کیا الیکشن کمیشن کا کردار بھی سپریم کورٹ کو ادا کرنا پڑے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ بات واضح ہوگئی ہے کہ ن لیگ اورپی ٹی آئی ایک پیج پر ہیں۔ یہ دونوں پارٹیاں الیکشن سے کیوں بھاگنا چاہتی ہیں۔ پی ٹی آئی اور ن لیگ آئیں ملکر بیٹھتے ہیں عوام کو فیصلہ کرنے دیں۔

پیپلزپارٹی رہنما کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس کہہ چکے ہیں 8 فروری کو الیکشن پتھر پر لکیر ہے، رات کے اندھیرے میں اگر آرڈیننس جاری ہوسکتا ہے تو الیکشن کا شیڈول جاری کیوں نہیں ہوسکتا۔

انھوں نے کہا کہ جیسے بھی حالات ہوں لیونگ پلیئنگ فیلڈ ہو یا نہ ہو پیپلزپارٹی وقت پر الیکشن چاہتی ہے، ہم الیکشن ملتوی ہونے کو کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد کا نام لیے بغیر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وہ پہلے کہتے تھے مجھے کیوں نکالا، اب کہہ رہے ہیں مجھے کیوں بلایا۔

انھوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں پرویزخٹک کے کہنے پر ٹرانسفر اور پوسٹنگ ہوئی ہیں، باقی صوبوں میں ن لیگ کے کہنے پر ہوئی ہیں۔

Read Comments