Aaj Logo

شائع 16 دسمبر 2023 07:23pm

پرویز الہٰی نے الیکشن شیڈول جاری کرنے کا سپریم کورٹ کا فیصلہ خوش آئند قراردے دیا

سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے الیکشن شیڈول جاری کرنے کا سپریم کورٹ کا فیصلہ خوش آئند قراردے دیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الہٰی سے اڈیالہ جیل میں ان کے وکیل سردار عبدالرازق خان ایڈووکیٹ نے ملاقات کی، ملاقات میں چوہدری شمشاد ملہی ایڈووکیٹ بھی موجود تھے۔

ملاقات میں وکیل سردارعبدالرازق اور چوہدری پرویز الہٰی نے گزشتہ روزسپریم کورٹ کے حکم پر الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی شیڈول جاری ہونے، قانونی امور اور آئندہ الیکشن کی حکمت عملی پر مشاورت کی۔

چوہدری پرویزالہٰی نے اڈیالہ جیل میں وکلاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن شیڈول جاری کرنے کا سپریم کورٹ کا فیصلہ خوش آئند ہے، اس فیصلے سے الیکشن ملتوی کرانے کی تمام سازشیں دم توڑ گئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی فوری اور منصفانہ انتخابات چاہتی ہے، پکڑ دھکڑ بند کی جائے اور ہمارے امیدواروں کو لیول پلئینگ فیلڈ دی جائے۔

چوہدری پرویز الہٰی نے قومی اور صوبائی اسمبلی کے مختلف حلقوں سے الیکشن لڑنے کے لیے قانونی حکمت عملی تیار کرلی۔

مزید پڑھیں

پرویز الہٰی پر جیل رولز کے منافی سختیاں کی جارہی ہیں، وکیل سردارعبدالرزاق خان

پرویز الٰہی کی گرفتار پر توہین عدالت کی درخواست کا تحریری حکمجاری

واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے گزشتہ روز الیکشن کمیشن کی درخواست پر لاہور ہائیکورٹ کا آر اوز اور ڈی آر اوز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن معطل کرنے کا فیصلہ کالعدم کردیا تھا۔

چیف جسٹس کی سربراہی میں جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس منصور علی شاہ پر مشتمل 3 رکنی بینچ نے تحریری حکم نامے میں الیکشن کمیشن کو آئینی ذمہ داریاں ادا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے آج ہی انتخابی شیڈول جاری کرنے کا حکم دیا، جس کے بعد الیکشن کمیشن نے گزشتہ روز ہی انتخابی شیڈول جاری کر دیا تھا۔

Read Comments