Aaj Logo

اپ ڈیٹ 18 دسمبر 2023 12:24am

پاکستان میں سوشل میڈیا نیٹ ورک ڈاؤن، صارفین پریشان

پاکستان میں سوشل میڈیا نیٹ ورک ڈاؤن ہونے سے صارفین کو پریشانی کا سامنا ہے۔

پاکستان میں اتوار کی شام بڑے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز جیسے ایکس (ٹوئٹر)، فیس بک اور یوٹیوب کے نیٹ ورک متاثر ہونے کی شکایت موصول ہوئیں، جس سے صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے۔

صارفین کو انٹرنیٹ کی رفتار انتہائی سست ہونے کی وجہ سے ڈاؤن لوڈنگ اور اپ لوڈنگ میں پریشانی کا سامنا ہے۔

واضح رہے کہ انٹرنیٹ کے تعطل کے بارے میں حکومت نے کوئی بیان نہیں دیا ہے، جس سے شہریوں میں الجھن اور مایوسی پیدا ہوئی ہے۔

اس حوالے سے انٹرنیٹ کی نگرانی کرنے والی تنظیم نیٹ بلاکس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ پر ٹوئٹ میں لکھا کہ یوٹیوب، انسٹاگرام، ایکس اور فیس بک جیسے پلیٹ فارمز میں ’قومی پیمانے‘ پر خلل پڑا ہے۔

حالیہ دنوں میں غزہ اور یوکرین میں انٹرنیٹ کے مسائل پر تبصرہ کرنے والے نیٹ بلاکس نے مزید کہا کہ یہ رکاوٹیں پاکستان تحریک انصاف کے ’ورچوئل اجتماع‘ سے قبل سامنے آئی ہیں۔

بی بی سی اردو کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے آن لائن جلسے کا انعقاد کیا ہے، جس میں ’ایکس‘ پر آغاز سے ہی شرکا کی تعداد 40 ہزار سے تجاوز کر گئی۔

تحریک انصاف کے روپوش رہنماؤں کا بھی اس جلسے سے خطاب کا امکان ہے۔ پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ٹیم اس جلسے کا انتظام سبنھالے ہوئے ہے۔

ملک میں اگرچہ انٹرنیٹ سروسز جزوی طور پر معطل ہیں مگر تحریک انصاف کے اس آن لائن جلسے میں صرف ایکس پر آغاز سے ہی شرکا کی تعداد 40 ہزار سے تجاوز کر گئی۔

جلسے سے مونس الٰہی، علی محمد خان، عاطف خان، زرتاج گل اور بیرون ملک مقیم شہباز گل اور زلفی بخاری نے بھی خطاب کیا ہے۔

Read Comments