Aaj Logo

شائع 18 دسمبر 2023 10:17am

بھارت میں موسلادھار بارش سے ٹرینیں اور پروازیں متاثر، مزید بارشوں کی پیشگوئی

بھارتی ریاست تامل ناڈو کے چار اضلاع میں شدید بارش سے سیلاب آ گیا جس سے کئی اضلاع میں نظام زندگی دھرم بھرم ہوگیا جب کہ ٹرینیں اور پروازیں منسوخ کردی گئیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست کے کسی ضلع میں 15 گھنٹوں کے دوران 60 سینٹی میٹر، کہیں 26 اور کسی ضلع میں 17.3 سینٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

موسلا دھار بارش کے باعث متاثرہ اضلاع میں آج عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ اسکول، کالج، بینک، نجی ادارے اور پبلک سیکٹر کمپنیاں بند رہیں گی۔

بھارتی محکمہ موسمیات نے آج بھی تامل ناڈو میں موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کی ہے جب کہ ضلع کومورین کے علاقے میں ایک سمندری گردش صورتحال کو مزید خراب کر رہی ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کی 50، 50 رکنی ٹیمیں ترونلویلی اور توتی کورن اضلاع میں پہنچ گئیں جب کہ کنیا کماری ضلع میں اسٹیٹ ڈیزاسٹر رسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف) کی تین ٹیمیں تعینات کی گئیں۔ اس کے علاوہ متاثرہ اضلاع میں 4 ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق تمل ناڈو کے ضلع توتی کورن جانے والی پروازوں کو منسوخ کر دیا گیا جب کہ ترونلویلی ضلع سے آنے اور جانے والی 17 ٹرینوں کو جزوی یا مکمل طور پر منسوخ کردیا گیا ہے۔

Read Comments