Aaj Logo

شائع 22 دسمبر 2023 06:23pm

عمران خان کے کاغذات نامزدگی میانوالی میں خاتون رہنما نے جمع کرا دیے

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق چیئرمین عمران خان کے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے گئے، سابق وزیراعظم نیب کے توشہ خانہ کیس میں اڈیالا جیل میں قید ہیں۔

گزشتہ روز عمران خان نے اڈیالا جیل میں اپنے کاغذات نامزدگی پر دستخط کیے تھے۔

بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے کاغذات نامزدگی قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 89 میانوالی سے جمع کروائے گئے ہیں۔

کاغذات نامزدگی بانی پی ٹی آئی کے وکیل رائے محمد علی اڈیالہ جیل لے کرگئے تھے اور ان کے دستخط کروائے تھے۔

پی ٹی آئی کی سیمابیہ طاہر نے عمران خان کے کاغذات نامزدگی ریٹرنگ افسر کو جمع کرائے۔

سیمابیہ طاہر نے اس حوالے سے ایک ویڈیو بھی ٹوئٹر پر جاری کی۔

اس موقع پر ریٹرننگ افسر نے سوال کیا کہ کیا عمران خان رہا ہوگئے ہیں۔ جس پر سیمابیہ کا کہنا تھا کہ انشا اللہ ہو جائیں گے۔

پی ٹی آئی کی خاتون رہنما نے کاغذات نامزدگی کے ساتھ عمران خان کی تصاویر اور دیگر متعلقہ دستاویزات بھی فراہم کیں۔

اس سے قبل پی ٹی آئی کے بیرسٹر گوہر نے اعلان کیا تھا کہ عمران خان میانوالی، لاہور اور اسلام آباد سے الیکشن لڑیں گے۔

اطلاعات کے مطابق عمران خان نے جمعرات کو تینوں شہروں سے کاغذات نامزدگی پر دستخط کیے تھے۔

Read Comments