معصوم آدمی نے کاغذ لہرا کر ملکی سلامتی داؤ پر لگائی، مریم اورنگزیب
پاکستان مسلم لیگ (ن) نے سپریم کورٹ کی جانب سے گزشتہ روز سنائے گئے سائفر کیس کے فیصلے پر کڑی تنقید کی ہے۔
ن لیگ کے رہنما ملک احمد خان نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں، لیکن عدالتی فیصلہ صرف ضمانت تک رہتا ہے تب بھی سوال اٹھتا ہے۔
ملک احمد خان نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ایک ملک پر الزام لگایا، عدالت نے کہا کہ اس معاملے پر آفیشل سیکرٹ ایکٹ کا اطلاق نہیں ہوتا۔
لیگی رہنما نے کہا کہ تحریک انصاف کو بند لفافے سے بہت رغبت ہے، لفافے میں چاہے 190 ملین پاؤنڈ ہوں یا بند لفافے سے اسمبلی توڑ دیں۔
انہوں نے کہا کہ سائفر کو بنیاد بناکر ماضی کی حکومت نے سیاست کی، سائفر کے بارے میں جلسوں میں تقاریر کی گئیں، قاسم سوری نے بطور ڈپٹی اسپیکرسربمہر لفافہ لہرایا، قاسم سوری نے کہا یہ لفافہ چیف جسٹس کو بھیج رہے ہیں۔
ملک احمد خان نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت کالعدم ہوتی ہے تو الیکشن کمیشن اسے کیسے نشان دے گا۔
ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے میڈای سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں سائفر لہرا کر کہا امریکا نے سازش کی، عمران خان نے کہا سائفر پر سیاست کرنی ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ آر ٹی ایس بٹھا کر 2018 کا الیکشن چوری کیا گیا، سازش اپنے روپ بدلتی رہی، جس نے آئین کی خلاف ورزی کی اسے معصوم کہا گیا، اس معصوم آدمی نے کاغذ لہرا کر ملکی سلامتی داؤ پر لگائی۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ تین بار کے وزیراعظم کو سسیلین مافیا کہا گیا۔ وزیراعظم کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نکالا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ 190 ملین پاؤنڈ کا بند لفافہ لہرا کر کہا جائے یہ معصوم ہے، کیا ممنوعہ فنڈنگ والا معصوم ہے؟ ریاست پر حملہ آور کیا معصوم ہے؟ اسپیکر سے اسمبلی تڑوائی، کیا یہ معصوم ہے۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ عمران کو اس لیے لاڈلا کہا کہ جب عدالت جائے تو کہا جائے گڈ ٹو سی یو۔
ترجمان ن لیگ نے کہا کہ عوام چاہتے ہیں ان کے گھر میں سستی بجلی، مفت دوا ملے، نوجوان چاہتا ہے ہاتھ میں ڈگری ہو تو اسے روزگار ملے، 2018 میں بجلی گیس سستی تھی، ملک سے آئی ایم ایف کا خاتمہ ہورہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ عوام چاہتے ہیں ملک کو مشکلات سے نکالا جائے، پہلے لاڈلہ اب معصوم بنا کرمسلط کیا جارہا ہے۔