Aaj Logo

شائع 25 دسمبر 2023 02:27pm

سعودی عرب میں سڑک پار کرنے والوں کو ڈیڑھ لاکھ جرمانہ دینا ہوگا

سعودی عرب نے پیدل شاہراہوں کو عبور کرنے والے شہریوں پر بھاری جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

سعودی جنرل ڈپارٹمنٹ آف ٹریفک (جی ڈی ٹی) نے اعلان کیا کہ شاہراہوں کو عبور کرنے والے پیدل چلنے والوں پر 2000 ریال تقریباً ڈیڑھ لاکھ پاکستانی روپے تک کے بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔

محکمہ کے مطابق پیدل چلنے والوں کو شاہراہوں کو عبور کرتے ہوئے ایک ہزار سے دو ہزار سعودی ریال تک جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا، یہ اقدام اس خطرناک عمل کو روکنے کے لیے متعارف کرایا گیا جو نہ صرف پیدل چلنے والوں کی زندگیاں خطرے میں ڈالتا ہے بلکہ ٹریفک میں نمایاں خلل کا باعث بنتا ہے اور حادثات کے امکانات میں بھی اضافہ کرتا ہے۔

سعودی حکام نے شہریوں کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اپنی اور دوسروں کی حفاظت کو برقرار رکھنے کے لئے، پیدل چلنے والوں کے قوانین اور ضوابط کی تعمیل کو یقینی بنائیں۔

ان کا کہنا ہے کہ شاہراہوں کو عبور کرنے والے افراد کو ایگزیکٹو ریگولیشنز کے شیڈول نمبر 5 کے تحت خلاف ورزی کے طور پر درجہ بند کیا گیا ہے۔

حکام نے کہا کہ مقررہ علاقوں کے باہر سڑکوں کو عبور کرنا، ٹریفک سگنلز کو نظر انداز کرنا اور کراسنگ کے دوران مخصوص لین استعمال کرنے میں ناکامی پر 100 سے 150 ریال تک کا جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔

Read Comments