آج عدلیہ نے پاکستان کے 25 کروڑ عوام کا اعتماد بحال کردیا، بیرسٹر گوہر

غیرقانونی، غیرآئینی آرڈر کے ذریعے بلے کا نشان چھین لیا گیا تھا،علی ظفر
اپ ڈیٹ 26 دسمبر 2023 05:37pm

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹرگوہر نے پشاور ہائیکورٹ کی جانب سے الیکشن کمیشن کے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات سے متعلق فیصلہ معطل کرنے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ عدالت نے بلے کا نشان بحال کردیا ہے، آج عدلیہ نے پاکستان کے 25 کروڑ عوام کا اعتماد بحال کردیا۔

پشاور میں وکیل علی ظفر کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہمیں دیوار سے لگایا جا رہا ہے، ہمیں عدلیہ پر اعتماد ہے، عدالت نے ہر شق دیکھی، الیکشن کمیشن کا آرڈرمعطل کیا، پشاورہائیکورٹ نے سازش پر آخری کیل ٹھوک دی۔

اس موقع پر وکیل رہنما علی ظفر نے کہا کہ پشاورہائیکورٹ کے جج صاحبان نے ہمیشہ انصاف کا سر اونچا کیا ہے، عدالت نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو معطل کردیا ہے، غیرقانونی،غیرآئینی آرڈر کے ذریعے بلے کا نشان چھین لیا گیا تھا۔

انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کےخلاف سازشیں ہورہی تھیں، بلے کے نشان پر اگلی تاریخ تک الیکشن لڑتے رہیں گے، انتخابی نشان سیاسی جماعت کی جان ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 17 میں کہا گیا ہے کہ انتخابی نشان پارٹی کا بنیادی حق ہوتا ہے، پشاورہائیکورٹ نے بول دیا بلے کا نشان پی ٹی آئی کا حق ہے۔

خیال رہے کہ پشاور ہائی کورٹ نے تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے انٹر اپارٹی انتخابات اور بلے کا انتخابی نشان واپس لینے کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کردیا ہے۔ جس کے بعد پی ٹی آئی کو بلے کا نشان واپس مل گیا ہے۔

Read Comments