شارجہ سے آنے والی خاتون کے جسم سے بندھے 23 آئی فون برآمد، مقدمہ درج

خاتون مسافر کو گرفتار کرلیا گیا، خالی ڈبے ساتھ لیے جا رہی تھی
اپ ڈیٹ 01 جنوری 2024 05:37pm

کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بیرون ملک سے آنے والی خاتون مسافر سے ممکنہ طور پر 92 لاکھ روپے مالیت کے آئی فون برآمد ہوئے ہیں۔ کسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے خاتون مسافر کو گرفتار کر لیا گیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق کسٹمز بیان میں کہا گیا ہے کہ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کسٹمز کے اہلکاروں نے خاتون کو روکا۔ خاتون شارجہ سے ایئر عریبیہ کی پرواز سے کراچی پہنچی تھی۔

سامان اسکین کرنے سے معلوم ہوا کہ خاتون کے بیگز میں موبائل فونز کے خالی ڈبے اور گرافکس کارڈز موجود ہیں۔

حکام کے مطابق خاتون سے موبائل فونز کے خالی ڈبوں کے بارے میں پوچھ گچھ کی گئی تو وہ کسٹمز اہلکاروں کو مطمئن نہ کرسکی۔ لیڈی عملے نے تلاشی لی تو خاتون کے جسم پر بندھے 23 آئی فون 15 پرومیکس برآمد ہوئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ برآمد شدہ موبائل فونز کسٹمز نے اپنی تحویل میں لے لیے، ان کی مالیت 92 لاکھ روپے ہے، جس پر 43 لاکھ روپے کے ڈیوٹی ٹیکسز عائد ہیں۔

حکام کے مطابق عدالت سے ریمانڈ حاصل کر کے خاتون سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

Read Comments