Aaj Logo

شائع 01 جنوری 2024 08:06pm

پاکستان نے غزہ کے عوام کیلئے امدادی سامان کی تیسری کھیپ بھجوا دی

پاکستان نے غزہ کے عوام کے لیے امدادی سامان کی تیسری کھیپ بھجوا دی۔ ضروری امدادی سامان اور ادویات پاک فضائیہ کے طیارے سے روانہ کی گئیں۔

غزہ میں اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیاں جاری ہیں۔ جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 21 ہزار 820 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔

غزہ کیلئے امدادی سامان لے جانے والے پاک فضائیہ کے ایلیوشین 78 ٹرانسپورٹ طیارے نے نور خان ایئر بیس سے اڑان بھری۔

یہ طیارہ 20 ٹن سے زائد ضروری امدادی سامان اور ادویات لے کر مصر کے الاریش بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اترے گا جہاں سے امدادی سامان غزہ میں پہنچایا جائے گا۔

نور خان ایئر بیس سے امدادی سامان بھیجنے کے موقع پر نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی، پاکستان میں فلسطین کے سفیر اور مسلح افواج کے افسران موجود تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جیلانی عباسی جیلانی نے انصاف اور انسانی حقوق کے بنیادی اصولوں کو برقرار رکھنے کے ساتھ غزہ کے عوام کو انسانی امداد کی فوری فراہمی کو یقینی بنانے پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ غزہ میں جنگ سے متاثرہ بھائیوں اور بہنوں کے لیے مزید انسانی امداد کا بھی انتظام کیا جا رہا ہے۔

Read Comments