اپ ڈیٹ 06 جنوری 2024 08:46pm

فلم ’اینیمل‘ کے اداکار منجوت سنگھ نے لڑکی کی جان بچا لی

بالی ووڈ کی فلم ’اینیمل‘ میں رنبیر کپور کے کزن کا کردار ادا کرنے والے منجوت سنگھ نے ایک بار ایک لڑکی کی جان بچائی تھی۔ ان کی ایک پرانی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ ایک لڑکی کی جان بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انڈیا ٹو ڈے کی رپورٹ کے مطابق اداکار منجوت سنگھ کی ایک پرانی ویڈیو آن لائن سامنے آئی ہے جس میں وہ ایک لڑکی کو خودکشی کی کوشش کرنے سے بچا رہے ہیں۔

انڈیا ٹو ڈے کے مطابق 2019 کی ویڈیو میں منجوت نے ایک لڑکی کی جان بچائی جس نے عمارت سے چھلانگ لگا کر خودکشی کرنے کی کوشش کی تھی۔ یہ کلپ اس وقت کا ہے جب اداکار گریٹر نوئیڈا کی شاردا یونیورسٹی میں بی ٹیک کی پڑھائی کر رہے تھے۔ ان کی بہادری کی ویڈیو اب سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔

ہندوستان ٹائمز کے ساتھ بات چیت میں منجوت سنگھ نے واقعہ کے بارے میں بتایا کہ لڑکی دھمکی دے رہی تھی کہ اگر کوئی اس کے قریب آیا تو وہ چھلانگ لگا دے گی، اس دوران ’میں نے بات چیت شروع کی اور پوچھا کہ کیا اسے کوئی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا یا کوئی اختلاف تھا۔ اس نے اپنی ماں سے اختلاف کا ذکر کیا، میں محتاط انداز میں اس کے قریب چلا گیا۔ تاہم، جیسے ہی میں قریب پہنچا، تو اس نے چھلانگ لگا دی‘۔ تاہم انھوں نے لڑکی کی جان بچا لی۔

انڈیا ٹو ڈے نے اپنی اسٹوری میں سماجی رابطے کی ویب سائیٹ پر ایک ”ایکس“ صارف رامندر کی پوسٹ کردہ ایک ویڈیو بھی شیئر کی۔ یہ ویڈیو دور سے بنائی گئی جس میں کسی شخص کا چہرہ نہیں دکھائی دے رہا تاہم ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شخص نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک لڑکی کی جان بچالی تھی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ کے بعد دہلی کی سکھ برادری نے منجوت کو اعزاز سے نوازا اور سول سروس کے امتحان کے لئے ان کی کوچنگ فیس ادا کرنے کا وعدہ کیا۔

Read Comments