Aaj Logo

اپ ڈیٹ 07 جنوری 2024 08:44pm

پاکستان میں سوشل میڈیا نیٹ ورکس بحال ہونے کے بعد دوبارہ ڈاؤن

پاکستان میں یوٹیوب، فیس بک، ایکس سمیت سوشل میڈیا نیٹ ورکس ڈاؤن ہونے سے صارفین کو پریشانی کا سامنا ہے، کچھ دیر قبل تمام نیٹ ورکس بحال ہونا شروع ہوگئے تھے، تاہم اب دوبارہ ڈاؤن ہوگئے ہیں۔

پاکستان میں اتوار کی شام بڑے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز جیسے ایکس (ٹوئٹر)، فیس بک اور یوٹیوب کے نیٹ ورک متاثر ہونے کی شکایت موصول ہوئیں، جس سے صارفین کو مشکلات کا سامنا رہا۔

صارفین کو انٹرنیٹ کی رفتار انتہائی سست ہونے کی وجہ سے ڈاؤن لوڈنگ اور اپ لوڈنگ میں پریشانی کا سامنا تھا۔ تاہم رات پونے 7 بجے چند علاقوں میں سوشل میڈیا نیٹ ورکس بحال ہونا شروع ہوگئے، لیکن کچھ ہی دیر بعد دوبارہ ڈاؤن ہوگئے۔

اس حوالے سے انٹرنیٹ کی نگرانی کرنے والی تنظیم نیٹ بلاکس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ پر ٹوئٹ میں لکھا کہ یوٹیوب، انسٹاگرام، ایکس اور فیس بک جیسے پلیٹ فارمز میں ’قومی پیمانے‘ پر خلل پڑا۔

نیٹ بلاکس نے لکھا کہ یہ خلل تحریک انصاف کی جانب سے انتخابی فنڈ ریزنگ کےلئے ٹیلی تھون کا آغاز کرنے کے ساتھ پیدا ہوا۔

Read Comments