Aaj Logo

شائع 08 جنوری 2024 03:08pm

سردیوں کی خاص سوغات مزیدار ساگ گوشت

موسمِ سرما میں ساگ تقریباً ہر گھر میں ذوق و شوق سے کھایا جاتا ہے۔ سرسوں کا ساگ تو موسمِ سرما کی لازمی ڈش سمجھی جاتی ہے۔

ساگ میں موجود غذائی اجزا اسے انسانی صحت کیلئے بہت مفید بناتے ہیں۔ لیکن بچوں کو ساگ کھلانا ماؤں کیلئے ایک مشکل مرحلہ ہے۔

خواتین ذیل میں موجود ’ساگ گوشت‘ کی ترکیب سے استفادہ حاصل کرتے ہوئے ان بچوں کو مزیدار ساگ باآسانی کھلا سکتی ہیں۔

ساگ گوشت کی ترکیب

اجزا:

300 گرام مٹن، 5 گچھے تازہ سرسوں کے پتے، 1 گچھا تازہ پالک کے پتے، 5 چائے کا چمچ زیتون کا تیل، لمبائی میں کٹی ادرک، 6 سے 8 کٹے لہسن کے جوے، 2 درمیانی کٹی پیاز، 4 کٹی ہری مرچیں اور نمک حسبِ ذائقہ۔

ترکیب

سب سے پہلے ایک پتیلے میں زیتون کا تیل گرم کریں، اس میں ادرک، لہسن اور پیاز ڈال کر دو سے تین منٹ تک پکائیں۔

اب اس میں مٹن شامل کرکے 3 سے 4 منٹ تک مزید پکائیں، پھر اس میں سرسوں کے پتے شامل کریں۔

اب اس کو ڈھانپ کر مٹن گلنے تک پکائیں، مٹن گلنے کے بعد اس میں پالک شامل کرکے اچھی طرح مکس کریں۔

اب اس میں کٹی ہری مرچ اور نمک شامل کرکے اچھی طرح مکس کریں۔

گرما گرم ساگ گوشت کو گرم نان کے ساتھ کھائیں اور لطف اٹھائیں۔

Read Comments