Aaj Logo

شائع 13 جنوری 2024 06:07pm

نیوزی لینڈ کی سابق وزیر اعظم نے اپنے دیرینہ ساتھی سے شادی کر لی

نیوزی لینڈ کی سابق وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن نے اپنے دیرینہ ساتھی کلارک گیفورڈ سے شادی کر لی۔ تقریب میں 50 سے 75 مہمانوں کو مدعو کیا گیا تھا۔

نیوزی لینڈ کی سابق وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن نے ہفتے کے روز اپنے دیرینہ ساتھی کلارک گیفورڈ سے ایک نجی تقریب میں شادی کی۔

43 سالہ آرڈرن اور 47 سالہ کلارک گیفورڈ نے مئی 2019 میں منگنی کی تھی اور ان کی شادی 2022 کے اوائل میں ہونی تھی، لیکن وبائی مرض کووڈ 19 کی پابندیوں کی وجہ سے تقریب منسوخ کردی گئی تھی۔

جیسنڈا آرڈرن کی ترجمان نے ایک ای میل میں بتایا کہ شادی نیوزی لینڈ کے شمالی جزیرے کے مشرقی ساحل پر ہاکس بے میں کریگی رینج وائنری میں ہوئی، جو دارالحکومت ویلنگٹن سے تقریبا 310 کلومیٹر (190 میل) شمال میں ہے۔

شادی کی آفیشل تصویر میں جیسنڈا آرڈرن کو فیشن ڈیزائنر جولیٹ ہوگن کے تیار کردہ سفید رنگ کے لباس میں مسکراتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ گیفورڈ نے سیاہ سوٹ پہنا ہوا ہے۔

نیوز سائٹ سٹف کی ایک رپورٹ کے مطابق یہ جوڑا تقریبا 50 سے 75 مہمانوں کے سامنے شادی کے بندھن میں بندھ گیا۔

نیوزی لینڈ ہیرالڈ کی رپورٹ کے مطابق مہمانوں میں آرڈرن کے جانشین اور موجودہ اپوزیشن لیڈر کرس ہپکنز بھی شامل تھے۔

یاد رہے کہ 2018 میں جیسنڈا آرڈرن جب وزیر اعظم تھیں تو ان کے ہاں بیٹی کی ولادت ہوئی تھی۔

جس کے بعد وہ وزارت عظمیٰ کے عہدے پر رہتے ہوئے ماں بننے والی دوسری عالمی شخصیت بن گئی تھیں، جبکہ ان سے قبل پاکستان کی پہلی خاتون سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو تھیں جنہوں نے 1990 میں اپنی وزارتِ عظمیٰ کے دوران بیٹی بختاور کو جنم دیا تھا۔

جیسنڈا آرڈرن جب وزیر اعظم تھیں تو انھوں نے 2018 میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 73 ویں اجلاس میں شرکت کی تھی اس موقع پر وہ اپنی بیٹی کو بھی ساتھ لے کر گئی تھیں۔

آرڈرن نے گزشتہ چھ ماہ میں ہارورڈ یونیورسٹی میں تین فیلوشپ مکمل کی ہیں۔

Read Comments