Aaj Logo

اپ ڈیٹ 15 جنوری 2024 10:51am

خالد بٹ کا انتقال سے قبل پوتے کو بھیجا گیا وائرل وائس نوٹ سب کو غمگین کرگیا

پاکستان ٹیلی ویژن انڈسٹری کے معروف اداکارخالد بٹ کا اپنے انتقال سے قبل ریکارڈ کیا گیا جذباتی وائس نوٹ سب کو غمگین کرگیا۔

سوشل میڈیا ایپلی کیشن ٹک ٹاک پر خالد بٹ کا ایک وائس نوٹ وائرل ہورہا ہے جو انہوں نے اپنے پوتے کو کیا۔ وائس نوٹ میں خالد بٹ اپنے پوتے کو اپنی صحت سے متعلق بتا رہے ہیں۔

اپنی صحت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے خالد بٹ نے پنجابی زبان میں کہا کہ ’شکریہ زاہد صاحب، مجھے خود سمجھ نہیں آرہی کہ میں آپ کو کیسے بتاؤں۔ مجھ سے واش روم تک بھی نہیں جایا جاتا۔ میں صحیح سے بول بھی نہیں پارہا۔ میرے جگر کا ٹرانسپلانٹ ہوگا، کیونکہ اس نے تقریباً کام کرنا بند کر دیا ہے‘۔

مرحوم اداکار نے مزید کہا کہ ’ڈاکٹروں نے جگر کے ٹرانسپلانٹ کی سفارش کی ہے۔ کل میں اپنی رپورٹس کے ساتھ پی کے ایل آئی جاؤں گا، جہاں وہ جگر اور گردے کا ٹرانسپلانٹ کرتے ہیں۔ میرا معدہ بھی بہت کمزور ہو گیا ہے۔ میں صحت کے متعدد مسائل میں مبتلا ہوں۔ براہ مہربانی میری صحت کے لئے دعا کرنا۔‘

انہوں نے اپنے وائس نوٹ میں پوتے کو مزید بتایا کہ میں اپنے ڈرامے کی شوٹنگ کے لیے گلگت میں تھا۔ انہوں نے مجھے 8 دن کے لیے گھر بھیج دیا، اب میں واپس آ گیا ہوں۔ سب کو میرا سلام اور بہت بہت پیار دینا۔

خالد بٹ نے 11 جنوری کو لاہور میں اپنی آخری سانسیں لی تھیں۔ اداکار کی وفات کی خبر سینئر اداکار محسن گیلانی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی تھی۔

خالد بٹ پاکستان ٹیلی ویژن، فلم اور تھیٹر کے مشہور اداکار تھے۔ ملتان میں پیدا ہونے والے اداکار نے اپنے کیریئر کا آغاز 1970 میں فلموں کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے طور پر کیا تھا۔

1978 ء میں انہیں بطورِ اداکار کام کرنے کا موقع ملا۔ انہوں نے اپنے پہلے سیریل میں ہی ہیرو کا کردار ادا کرتے ہوئے مداحوں کو محظوظ کیا۔

خالد بٹ نے متعدد ہٹ پی ٹی وی سیریلز میں بھی اداکاری کے جوہر دِکھائے۔

Read Comments