Aaj Logo

شائع 22 جنوری 2024 08:14am

کراچی میں ہلکی و تیز بارش سے موسم خنک اور خوشگوار، دھند سے کئی موٹرویز بند

کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے ہلکی اور تیز بارش سے موسم خنک اور خوشگوار ہوگیا۔

کراچی کے گرومندر، گارڈن، لسبیلہ، عائشہ منزل، عزیزآباد، گلشن اقبال اور ایف بی ایریا سمیت دیگرعلاقوں میں بوندا باندی سے موسم مزید سرد ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، جبکہ جیکب آباد، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، دادو، کشمور اور پڈعیدن میں دھند رہنے کا امکان ہے۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا اور پنجاب کے مختلف علاقے بھی دھند کی لپیٹ میں ہیں، جس کے باعث کئی موٹرویز بند ہیں۔

موٹروے ایم ون پشاور سے اسلام آباد، ایم ٹو بلکسر سے اسلام آباد تک، موٹروے ایم تھری پر فیض پور سے درخانہ اور ایم فور پر عبدالحکیم سے فیصل آباد تک ٹریفک ممنوع قرار دیا گیا ہے۔حکام کی جانب سے شہریوں کو غیرضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں لاہور کا آج دوسرا اور کراچی کا چوتھا نمبر ہے۔

Read Comments