Aaj Logo

شائع 28 جنوری 2024 12:00pm

بلاول بھٹو خود لیاری سے الیکشن لڑنے کے قابل نہیں، حافظ نعیم

امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی انجینیئر حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ آج کراچی کے باغ جناح گراؤنڈ میں 8 فروری کا فیصلہ ہو جائے گا، 8 فروری کو پیپلز پارٹی کو سرپرائز ملے گا۔

انجینیئر حافظ نعیم الرحمٰن نے کراچی کے باغ جناح گراؤنڈ کا دورہ کیا۔

جماعتِ اسلامی یوتھ کے تحت ریلیوں کی آمد اور ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ پیپلز پارٹی تو ایسےخوشیاں منا رہی ہے جیسے ان کی بات ہو گئی ہے۔

انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی نے قبضہ کرکے میئربنایا ہے، بلاول بھٹو خود لیاری سے الیکشن لڑنے کے قابل نہیں۔

حافظ نعیم نے کہا کہ ہمیں ملک کے بچوں کے مستقبل کی فکر ہے، کوئی بھی جماعت کراچی کے مسائل حل کرنے کے لیے تیارنہیں، بانی پی ٹی آئی نے بھی کاغذات کراچی سے جمع نہیں کرائے تھے، کوئی بھی لیڈر کراچی کو اوون نہیں کرتا، جماعت اسلامی ہی کراچی کو اوون کرتی اور پشت پرکھڑی ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ کراچی میں جماعت اسلامی سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئے گی، الیکشن سےمتعلق ابہام سے الیکشن مہم متاثر ہوتی ہے، اب کراچی کودیوار سے نہیں لگایا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ اجڑے ہوئے شہر کو پھر سے آباد کریں گے، کراچی سے مینڈیٹ لینے والی پارٹیوں نے کراچی کے لیے کچھ نہیں کیا۔

انجینیئر حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ کراچی کے ساڑھے 3 کروڑ عوام کے پاس تعلیم، صحت اور ٹرانسپورٹ تک میسر نہیں۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ عوام کو وڈیروں اور جاگیرداروں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔

امیرِ جماعت اسلامی کراچی نے یہ بھی کہا کہ سندھ کے دیگر علاقوں کے عوام میں بھی رجحان بدل رہا ہے۔

واضح رہے کہ آج جماعتِ اسلامی کراچی کے باغِ جناح گراؤنڈ میں انتخابی ’جلسۂ عام‘ منعقد کر رہی ہے۔

امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان سراج الحق اور امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن جلسے سے خطاب کریں گے۔

Read Comments