Aaj Logo

اپ ڈیٹ 30 جنوری 2024 06:16pm

ملک کے بالائی علاقوں میں بھاری برفباری کی وارننگ جاری، سیاحوں کو احتیاط کی ہدایت

پاکستان کے محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) نے خبردار کیا ہے کہ 30 اور31 جنوری کو ملک کے بالائی علاقوں میں شدید برف باری کا امکان ہے جس سے آمدورفت متاثر ہو سکتی ہے۔

میٹ آفس کی جانب سے جاری ایک بیان میں سیاحوں کو دو دنوں (منگل اور بدھ) کے دوران محتاط رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ایک مغربی لہر ملک کے مغربی اور بالائی علاقوں کو متاثر کر رہی ہے اور اگلے چند روز تک بالائی علاقوں میں موسم سرد برقرار رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد جبکہ بالائی علاقوں میں ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔

پی ایم ڈی نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا (کے پی)، خطہ پوٹھوہار، کشمیر اور گردونواح کے پہاڑی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

مری میں بھی پیر کو وقفے وقفے سے بارش، ژالہ باری اور موسم کی پہلی برف باری کے بعد ضلعی انتظامیہ نے سیاحوں کے لیے ایک اہم ایڈوائزری جاری کی ہے۔

مری میں درجہ حرارت میں اتار چڑھاؤ کے پیش نظر سیاحوں کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کی وارننگ کے مطابق مری سمیت بالائی علاقوں میں آئندہ 36 سے 72 گھنٹوں کے دوران شدید برف باری کا امکان ہے۔

Read Comments