Aaj Logo

شائع 30 جنوری 2024 08:28pm

نگراں وزیراعظم کا تیل اور گیس کے ذخائر تلاش کرنے کی ضرورت پر زور

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے سمندر میں اور سمندر سے باہر تیل اور گیس کے ذخائر کی تلاش کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہے، پیٹرولیم کانفرنس پاکستان کی بے پناہ معدنی صلاحیت کو مکمل طور پر استعمال کرنے کے اجتماعی عزم کی عکاسی کرتی ہے تاکہ توانائی میں خود کفالت کو یقینی بنایا جا سکے اور ملک کو توانائی کے ایک علاقائی برآمد کنندہ میں تبدیل کیا جا سکے۔

منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے پیٹرولیم کانفرنس 2024 میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کانفرنس کے مہمان خصوصی تھے۔

اس کے علاوہ صوبائی وزرائے اعلیٰ، وزیر توانائی، سیکرٹری پٹرولیم، حکومتی نمائندوں، پالیسی سازوں، توانائی اور پیٹرولیم سیکٹر کے غیر ملکی اور ملکی سرمایہ کاروں اور بین الاقوامی مندوبین نے بھی کانفرنس میں شرکت کی۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہے جبکہ انہوں نے سمندر میں اور سمندر سے باہر تیل اور گیس کے ذخائر کی تلاش کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔

انوار الحق کاکڑ نے انفراسٹرکچر کی ترقی، لاجسٹکس اور سیکیورٹی میں تلاش اور پیداوار کی کوششوں کو تقویت دینے کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ کانفرنس پاکستان کی بے پناہ معدنی صلاحیت کو مکمل طور پر استعمال کرنے کے اجتماعی عزم کی عکاسی کرتی ہے تاکہ توانائی میں خود کفالت کو یقینی بنایا جا سکے اور ملک کو توانائی کے ایک علاقائی برآمد کنندہ میں تبدیل کیا جا سکے۔

نگراں وزیراعظم نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی)اور وفاقی وزارت توانائی کو قواعد و ضوابط اور طریقہ کار کو ہموار کرکے سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول کو فروغ دینے کو سراہا۔

Read Comments