Aaj Logo

اپ ڈیٹ 02 فروری 2024 07:08pm

خواب کی تعبیر پر بڑے بڑے وزیر لگائے جاتے تھے، عون چوہدری

ماضی میں پاکستان تحریک انصاف کے سابق چیئرمین عمران خان اور بشریٰ بی بی کے قریب رہنما رہنے والے استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما عون چوہدری نے الزام عائد کیا ہے کہ بشریٰ بی بی کے خواب کی تعبیر پر عمران خان بڑے بڑے وزیر مقرر کرتے تھے۔

عون چوہدری نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف جمعہ کو اڈیالہ جیل میں قائم عدالت میں بیان ریکارڈ کرایا۔

راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں بیان دینے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے آئی پی پی کے رہنما عون چوہدری نے کہا کہ اڈیالہ جیل میں کل جرح کی گئی جو آج مکمل ہوگئی، بطور نکاح گواہ میری اسٹیٹمنٹ ہے عدت پوری نہیں ہوئی تھی۔

عون چوہدری نے کہا کہ مفتی سعید نے بھی اقرار کیا کہ ان کے علم میں عدت کا معاملہ نہیں لایا گیا تھا،میرے بیان پر ان کے پاس کوئی جواب نہیں تھا، آپ اپنی زندگی کا فیصلہ جھوٹ پر کرتے ہیں، دوسروں کے لیے تقریریں کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ خواب کی تعبیر پر بڑے بڑے وزیر لگائے جاتے تھے، ملک کے ساتھ بڑا مذاق کیا گیا، فیصلے خوابوں پر ہوتے تھے، نوجوانوں اور بچوں کو گمراہ کیا گیا، خواب کی تعبیر کے لیے فرخ خان، جمیل گجر پیچھے بیٹھے ہوتے تھے۔

استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ ایک ایسا الزام جو سچ ثابت ہوا ہے، ان کے پاس کوئی جواب نہیں، ایسے لوگ ہمارے بچوں کو گمراہ کرتے ہیں، عدالت نے بلایا تھا میں نے جو کہا سچ کہا ہے۔

عون چوہدری نے کہا کہ جج صاحب نے میرا بیان ریکارڈ کرلیا اب فیصلہ آنا ہے، آپ ساری زندگی دوسروں کو چور چور کہتے رہے، توشہ خانہ ریفرنس نے بھی آپ کو چور ثابت کردیا، ملک کا وزیراعظم ہوتے ہوئے توشہ خانہ میں چوری کی۔

مزید پڑھیں

دھوکا دہی سے نکاح کے الزام میں جاری سمن کالعدم قرار دینے کی استدعامسترد

پاکستان تحریک انصاف نے انٹرا پارٹی انتخابات مؤخرکردیے

عمران خان، بشری بی بی اور خاور مانیکا کے درمیان عدالت میں تلخکلامی

انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں نے گواہی دی اور سچ ثابت ہوئی کہ آپ نے تحائف بیچے، آپ نے ملک کے ساتھ وہ کیا جو دشمن بھی نہ کرے، آج بچوں کو سمجھانا پڑرہا ہے کہ ریاست کے ساتھ نہیں لڑا جاتا، اپنی ذات بچانے کے لیے بچوں کو سڑکوں پر نہیں لانا چاہیئے، آج میرے لیے تکلیف دہ لمحہ ہے جو میں آج یہ بات کررہا ہوں۔

Read Comments