Aaj Logo

اپ ڈیٹ 04 فروری 2024 06:40pm

فیصل آباد میں پاکستان علماء کونسل کا ن لیگ کی حمایت کا اعلان

پاکستان علماء کونسل نے فیصل آباد میں مسلم لیگ ن کی حمایت کا اعلان کر دیا۔

فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ نواز شریف اس وقت سینئر ترین سیاست دان ہیں، پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے ایسے میں ان جیسا لیڈر ہی مسائل کا حل ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف ملک و قوم کو تین مرتبہ لیڈ کر چکے ہیں، پاکستان جب ایٹمی طاقت بنا تو دنیا نے بائیکاٹ کر دیا تھا، نواز شریف نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا اور دنیا کے بنائے حالات سے بھی لڑے، 2013ء میں بھی دہشت گردی اور لوڈشیڈنگ کی وجہ سے انتہائی مشکل حالات درپیش تھے۔

رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ قوم نے نواز شریف پر اعتماد کیا اور ملک کو 4 سال میں ٹریک پر لے آئے، ایک سازش کے تحت ایک نمونے کو پاکستان پر مسلط کر دیا گیا، اس شخص نے ملک کی تعمیر و ترقی روک دی، قوم اعتماد کرے ہمارا دعویٰ ہے پاکستان کو اس بحران سے نکال لیں گے۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ جو بڑا مسئلہ ہے وہ مہنگائی ہے، پاکستان کہیں نہیں جا رہا، اللّٰہ کے فضل سے تا قیامت قائم رہے گا، پچھلی حکومت نے آئی ایم ایف سے جو معاہدہ کیا اس کی وجہ سے مہنگائی ہوئی، عام آدمی مہنگائی کے عذاب میں مبتلا ہے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن نے پہلے بھی مسائل حل کیے ہم اب بھی کر کے دکھائیں گے، لوگ 8 فروری کو شیر پر مہر لگا کر ہمیں کامیاب کروائیں، موجودہ ملکی حالات میں ایسی قیادت کی ضرورت ہے جو مسائل کو حل کرنا جانتی ہو۔

اس موقع پر پاکستان علماء کونسل کے رہنما کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان دہشتگردی کے خلاف برسرپیکار ہیں، ہم مسلم لیگ ن کی حمایت کا اعلان کرتے ہیں، اللہ تعالیٰ ہمارے اتحاد کو خیروبرکت کا ذریعہ بنائے۔

Read Comments