کرک : پولیس گاڑیوں کی توڑ پھوڑ ، پی ٹی آئی رہنماؤں کی فہرست تیار، مقدمہ درج نہ ہوسکا
کرک میں دو روز قبل پولیس کی گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کے الزام میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں کی فہرست تیار کرلی گئی۔ جب کہ دو دن گزرنے کے باوجود واقعہ کا مقدمہ درج نہ ہو سکا۔
پولیس نے پی ٹی آئی کے کئی رہنماؤں کی فہرست تیار کرلی ہے۔
تحریک انصاف کے رہنما شاہد خٹک کا نام بھی فہرست میں شامل ہے۔
اس کے علاوہ تحصیل چیئرمین سمیت میجر ریٹائرڈ سجاد اور وقاص کے نام بھی فہرست میں شامل ہیں۔
فہرست میں 72 معلوم اور ایک ہزار سے زائد نامعلوم افراد کو شامل کیا گیا ہے۔
دو دن گزرنے کے باوجود واقعہ کا مقدمہ درج نہ ہو سکا ، اس حوالے سے پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ مقدمے کے اندراج کیلیے سی ٹی ڈی کو کہا گیا ہے۔
ہنگامہ آرائی کے دوران پولیس کی فائرنگ سے دو پی ٹی آئی کارکن زخمی ہوئے تھے۔ دونوں زخمی کارکن تاحال ڈی ایچ کیو اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
یاد رہے کہ چار فروری کو کرک کے علاقے امبیری کلہ میں شیر افضل مروت کے جلسہ کے دوران پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے افراد پولیس سے متصادم ہوگئے تھے۔
پی ٹی آئی نے انتظامیہ سے جلسے کی اجازت نہیں لی تھی، جب پولیس نے منع کیا تو مخصوص سیاسی جماعت کے شرپسندوں نے پولیس پر دھاوا بول دیا تھا۔
شرپسندوں نے پولیس گاڑیاں تباہ کردی تھیں، شرپسندوں کے پتھراؤ سے متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے۔