Aaj Logo

شائع 13 فروری 2024 06:08pm

مونس الہیٰ اور چوہدری سالک میں نوک جھونک

گجرات کے معروف سیاسی خاندان سے وابستہ دو بڑوں میں سیاست نے پھوٹ ڈال دی ہے، جس کا اثر اب ان کے بچوں تک بھی جا پہنچا ہے۔

حال ہی میں پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت کے صاحبزادے چوہدری سالک حسین اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر چوہدری پرویز الہیٰ کے بیٹے مونس الہیٰ کے درمیان معمولی نوک جھونک دیکھنے میں آئی ہے۔

مونس الہیٰ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ پر نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی تصاویر شئیر کرتے ہوئے لکھا، ’یہ وہ گندگی ہے جس نے لندن پلان بنایا تھا اور اداروں کو گمراہ کرنے کے لیے جھوٹ بولے۔ پی ٹی آئی کے ہر ووٹر اور سپورٹر کو یہ چہرہ یاد رکھنا چاہیے کیونکہ سارا ظلم ، زیادتی اور تشدد کا ماسٹر مائنڈ یہی ہے‘۔

جس کے جواب میں چوہدری سالک حسین نے لکھا، ’یہ وہی شخص ہے جس کے گھر تحریک عدم اعتماد سے چند دن پہلے میرے ماموں جان اور آپ کے والد کئی گھنٹوں تک بیٹھا کرتے تھے اور اس بات پر اصرار کیا کرتے تھے کہ کسی طرح عمران خان سے جان چھوٹ جائے اور میں وزیراعلیٰ بن جاؤں۔ اس بات کے آپ خود بھی گواہ ہیں اور دنیا بھی جانتی ہے۔ اگر میں غلط کہہ رہا ہوں تو آپ بھی پی ٹی آئی کے امیدواروں کی طرح قرآن پر حلف لے کر میری بات کی تردید کر دیں۔‘

چوہدری سالک اور مونس الہیٰ کے درمیان اس سیاسی نوک جھونک کے درمیان سوشل میدیا صارفین نے بھی اپنا حصہ ڈالنا ضروری سمجھا۔

Read Comments