Aaj Logo

شائع 18 فروری 2024 09:17pm

’کمشنر کو 25 کروڑ میں خریدا گیا، نیویارک میں فلیٹ دیا گیا‘

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے دعویٰ کیا ہے کہ الیکشن میں مبینہ دھاندلی کے حوالے سے انکشافات کرنے کے بعد عہدے سے مستعفی ہونے والے سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت چٹھہ کو 25 کروڑ روپے میں خریدا گیا اور انہیں نیویارک میں اوورسیز پاکستانیوں کے ذریعے فلیٹ بھی دیا گیا ہے۔

راجہ ریاض نے فیصل آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ لیاقت چٹھہ نے بہت بڑا الزام لگایا، میں ان کے ماضی کے بارے میں کچھ بتانا چاہتا ہوں۔

راجہ ریاض نے کہا کہ لیاقت چٹھہ نے 20 سال فیصل آباد میں نوکری کی، وہ کرپٹ ترین مجسٹریٹ تھے، لیاقت چٹھہ کی جہاں بھی پوسٹنگ گئی وہاں انہوں نے کرپشن کی۔

راجہ ریاض نے الزام عائد کیا کہ لیاقت چٹھہ نے ریٹائرمنٹ کے قریب پیسا لے کر چیف الیکشن کمشنر اور چیف جسٹس پر جھوٹا الزام لگایا۔

راجہ ریاض کا کہنا تھا کہ سابق کمشنر راولپنڈی کو 25 کروڑ روپے میں خریدا گیا ہے، امریکا کے شہر نیویارک میں اوورسیز کے ذریعے ان کو فلیٹ دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لیاقت چٹھہ کا نام ای سی ایل پر ڈال کر انکوائری کی جائے، لیاقت چٹھہ کو آخری پوسٹنگ 5 کروڑ روپے لے کر عثمان بزدار نے دی تھی۔

Read Comments