Aaj Logo

شائع 19 فروری 2024 12:13pm

’اپنی گندی سوچ اپنے پاس رکھو‘ عائشہ ٹاکیہ بھارتیوں پر برس پڑیں

مشہور بھارتی اداکارہ عائشہ ٹاکیہ ویسے تو سلمان خان کے ہمراہ اپنی فلم کی بنا پر مقبول ہو گئی تھیں، لیکن ان دنوں اداکارہ بھارتیوں پر شدید برہم ہیں اور اپنے ہی لوگوں کو تنقید کا نشانہ بنا رہی ہیں۔

انسٹاگرام پر اداکارہ نے پوسٹ شئیر کی، جس میں عائشہ ٹاکیہ نے بھارتی عوام کے حوالے سے سخت ردعمل دیا، ساتھ ہی اپنی عوام کو تنقید کا نشانہ بھی بنا ڈالا۔

اداکارہ کی جانب سے پوسٹ میں کہنا تھا کہ میں یہ کہنا چاہتی ہوں کہ دو دن پہلے ممبئی سے گوا اپنی بہن کی عیادت کے لیے گئی تھی، بہن کی میڈیکل ایمرجنسی کے باعث اداکارہ کو علم ہی نہیں تھا کہ میڈیا نمائندے بھی ائیرپورٹ پر موجود تھے۔

لیکن جب اداکارہ کی نظر میڈیا پر پڑی تو کچھ لمحات کے لیے نمائندوں کی درخواست پر رُک گئیں، جس پر میڈیا نمائندے تصاویر بنانے لگے۔

اپنے پوسٹ میں اداکارہ نے سوال بھی کیا کہ کیا بھارت میں بڑے مسائل ختم ہو گئے ہیں، جو اب بھارتی میرے لُکس پر تبصرہ کر رہے ہیں۔ مجھے اب کوئی فلم کرنے میں دلچسپی نہیں، میں اپنی زنگی میں بے حد خوش ہوں، اب شہرت اور شوبز انڈسٹری میں دلچسپی نہیں رکھتی لہذا میری لُکس کی فکر کرنا چھوڑ دیں، میں جیسی ہوں اپنے لیے بہت اچھی ہوں۔

اتنا ہی نہیں اداکارہ نے بھارتیوں پر طنز بھی کر دیا، کہنا تھا کہ میں آپ کی گندی سوچ اور منفی رائے آپ کو واپس بھیج رہی ہوں، مجھے آپ کی رائے کی ضرورت نہیں، کیونکہ خدا نے مجھے بہترین زندگی نوازی ہے۔

واضح رہے اداکارہ اپنی بہن کی عیادت کی خاطر گوا شہر جا رہی تھیں، اسی دوران ان کی لی گئی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھیں، جس پر بھارتی صارفین ان کی باڈی شیمنگ کر رہے تھے۔

Read Comments