Aaj Logo

شائع 26 فروری 2024 03:37pm

دفعہ 144 کی خلاف ورزی کیس: راجہ خرم شہزاد اور علی نواز اعوان بری

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کیس میں نو منتخب ممبر قومی اسمبلی ( ایم این اے ) راجہ خرم شہزاد اور پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما علی نواز اعوان سمیت دیگر کو بری کردیا۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں جوڈیشل مجسٹریٹ شائستہ خان کنڈی نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی سے متعلق درج مقدمات کی سماعت کی، ایم این اے راجہ خرم نواز، علی نواز اعوان، فیصل عارف اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے کمرہ عدالت موجود ملزمان کی حاضری لگانے کی ہدایت کرتے ہوئے بریت کا فیصلہ سنادیا۔

عدالت نے راجہ خرم شہزاد نواز،علی نواز اعوان،فیصل عارف سمیت دیگرملزمان کوبری کردیا جبکہ سابق چیئرمین یونین کونسل ملک اخلاق، افتخار، قمر محمود اور دیگر بھی بری کرنے کا حکم دیا۔

عدالت نے غیرحاضر ملزمان سے متعلق کاروائی کے لیے سماعت ملتوی کردی۔

عدالت نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی عدالت پیشی کے لیے پروڈکشن درخواست پر جیل حکام سے جواب طلب کرلیا۔

یاد رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان اور دیگر کے خلاف تھانہ سہالہ اور تھانہ لوہی بھیر میں مقدمات درج ہیں۔

Read Comments