Aaj Logo

اپ ڈیٹ 07 مارچ 2024 08:12pm

پیٹرول مہنگا ہوتے ہی گدھے کی اوقات گاڑی جتنی ہوگئی

مالیاتی مشکلات اور سیکیورٹی تنازعات سے متاثرہ افریقی ملک سوڈان میں ایندھن کی کمی نے روایتی موٹر ٹریفک کو مفلوج کر دیا ہے، جس کے باعث شہری گدھا گاڑیوں کی طرف رجوع کر رہے ہیں، لیکن پیٹرول کی قلت اور اس کی قیمتوں میں اضافے کا فائدہ منافع خور بھی اٹھا رہے ہیں اور اب گدھے بھی مہنگے کردیے گئے ہیں۔

سوڈان ایک وحشیانہ جنگ کی لپیٹ میں ہے جس میں ہزاروں جانیں جاچکی ہیں، اقوام متحدہ کے ماہرین کے مطابق گزشتہ اپریل سے لاکھوں افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔

سڑکوں پر رکاوٹوں اور پیٹرول کی قلت کے باعث شہری معمول کی آمدورفت ترک کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

فوج کے زیر کنٹرول علاقوں میں فیول اسٹینشز خالی پڑے ہیں اور شہری نقل و حمل کے لیے گدھا گاڑیوں کا سہارا لے رہے ہیں۔

سوڈان میں اس وقت فی لیٹر پیٹرول کی قیمت 20 ڈالر ہے جو کہ سوڈانی 25 ہزار پاؤنڈز اور پاکستانی تقریباً ساڑھے 5 ہزار روپے سے زائد بنتے ہیں، جبکہ ایک گدھا 350 سے 450 ڈالرز میں فروخت ہورہا ہے، جو کہ پاکستانی تقریباً 97 ہزار سے سوا لاکھ روپے تک بنتے ہیں۔

Read Comments