Aaj Logo

شائع 15 مارچ 2024 12:14pm

سپریم کورٹ میں اگلے ہفتے کن اہم کیسوں کی سماعت ہوگی؟

سپریم کورٹ میں آئندہ ہفتے کئی اہم مقدمات سماعت کے لیے مقرر کیے گئے ہیں، جن میں ثمینہ خاور حیات، قاسم سوری، تہمینہ دولتانہ، مونال ریسٹورنٹ لیز کیس اور ایم ڈی پی ٹی وی تعیناتی کیس شامل ہیں، اس کے علاوہ سپریم کورٹ نے چینی کی قیمتوں، بجلی و گیس کے بلوں میں اضافی سیلز ٹیکس سے متعلق درخواستیں بھی آئندہ ہفتے سماعت کے لیے مقرر کر رکھی ہیں۔

سپریم کورٹ کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ آئندہ ہفتے اہم کیسز کی سماعت کرے گا۔

سابق ایم پی اے ثمینہ خاور حیات کی نااہلی کے خلاف نظرثانی درخواست پر سماعت 19 مارچ کو ہوگی، قاسم سوری کے حلقہ میں دوبارہ انتخابات کے فیصلے کے خلاف اپیل پر سماعت 20 مارچ کو ہوگی۔ عدالت نے گزشتہ سماعت پر قاسم سوری کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔

اس کے علاوہ تہمینہ دولتانہ کی اپنے حلقے میں ووٹوں کی تصدیق کی درخواست پر سماعت بھی 20 مارچ کو ہوگی، تہمینہ دولتانہ نے 2021 میں سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

مونال ریسٹورنٹ لیز کیس اور ایم ڈی پی ٹی وی تعیناتی کیسز کی سماعت 21 مارچ کو ہوگی، چیف جسٹس فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ کیسز کی سماعت کرے گا۔

بجلی و گیس کے بلوں میں اضافی سیلز ٹیکس کے خلاف اپیلیں 18 مارچ کو سماعت کے لیے مقرر کی گئی ہیں، جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ سماعت کرے گا۔

سپریم کورٹ نے چینی کی قیمت کے تعین کا مقدمہ بھی 18مارچ کو سماعت کے لیے مقرر کر دیا، جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ حکومتی اپیلوں پر سماعت کرے گا۔

Read Comments