Aaj Logo

شائع 19 مارچ 2024 09:00pm

شہلا رضا ہاکی فیڈریشن کی پہلی خاتون صدر منتخب، اہم ویڈیو بیان جاری

پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شہلا رضا کو پاکستان ہاکی فیڈریشن کی تاریخ میں پہلی خاتون صدر منتخب کر لیا گیا ہے، جس پر انہوں نے تمام کانگریس اراکین کا شکریہ ادا کیا۔

رکن قومی اسمبلی شہلا رضا نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کی صدر منتخب ہونے بعد وڈیو بیان میں کہا کہ میں تمام کانگریس اراکین کا شکریہ ادا کرتی ہوں جنہوں نے مجھ پر اعتماد کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ پی ایچ ایف سے سیاست کا خاتمہ اور کھلاڑیوں پر توجہ میری پہلی ترجیح ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہاکی کی ترقی ہمارا مشن ہے، ہم ہاکی کو اس کا کھویا ہوا مقام دلائیں گے۔

شہلا رضا نے کہا کہ ہم دوسرے گروپ سے کہتے ہیں کہ ہاکی کو تباہ کرنے کے بجائے اس کی ترقی کا سوچیں، جنرل سیکرٹری اور مشیر کا کام ہے کہ وہ اچھے لوگ لے کر آئیں۔

خیال رہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی کانگریس کے اہم اجلاس میں شہلا رضا کا بطور صدر انتخاب ہوا، انہیں متفقہ طور پر اس عہدے کیلئے منتخب کیا گیا ہے، دورانِ اجلاس شجاع اقبال پاشا کا بطور سیکرٹری فنانس انتخاب کر لیا گیا۔

کانگریس کے اجلاس میں نیشنل بینک اور پاکستان کسٹمز کے نمائندے بھی شریک ہوئے جبکہ اس موقع پر مجموعی 64 میں سے 54 ممبران اجلاس میں موجود تھے۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ اس سے پہلے شہلا رضا پی ایچ ایف کی نائب صدر کے فرائض سر انجام دے چکی ہیں۔

Read Comments