Aaj Logo

شائع 22 مارچ 2024 01:20pm

ضمنی انتخابات: پوسٹل بیلٹ کیلئے درخواستیں جمع کروانے کی تاریخ مقرر

قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے ضمنی انتخابات کے معاملے پر الیکشن کمیشن نے پوسٹل بیلٹ کے لیے درخواستیں جمع کروانے کی تاریخ مقرر کر دی۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق 23 حلقوں کے ووٹر ضمنی انتخاب کے لیے پوسٹل بیلٹ کی درخواست 2 اپریل تک جمع کروا سکتے ہیں۔

الیکشن کمیشن نے کہا کہ پوسٹل بیلٹ کی سہولت سرکاری افسران و ملازمین اور مسلح افواج کے اہلکاروں اور اہل خانہ کے لیے ہو گی جبکہ خصوصی افراد کو بھی پوسٹل بیلٹ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

الیکشن کمیشن نے مزید کہا کہ پوسٹل بیلٹ کی سہولت قیدیوں اور حوالاتیوں کو بھی فراہم کی جائے گی۔

واضح رہے کہ قومی و صوبائی اسمبلیوں کے 23 حلقوں میں ضمنی انتخابات 21 اپریل کو ہوں گے۔

قومی اسمبلی کی 6، صوبہ پنجاب کی 12، خیبر پختونخوا اور بلوچستان اسمبلی کی 2، 2 نشستوں پر ضمنی انتخابات ہوں گے۔

Read Comments