Aaj Logo

اپ ڈیٹ 28 مارچ 2024 04:30pm

خیبر پختونخوا میں مخصوص نشستوں کا تنازعہ، الیکشن کمیشن نے سینیٹ الیکشن ملتوی کرنے کی دھمکی دیدی

خیبرپختونخوا اسمبلی کی مخصوص نشستوں پرحلف نہ اٹھانے کے معاملے پر الیکشن کمیشن نے اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی کو اراکین سے حلف اٹھانے کی ہدایت کردی جبکہ الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا کو دھمکی دی ہے کہ اگر مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین اسمبلی کو حلف نہ اٹھانے دیا گیا تو صوبے میں سینیٹ انتخابات ملتوی کردیے جائیں گے۔

خیبرپختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر نومنتخب ارکان سے حلف نہ لینے کے خلاف درخواستوں پر الیکشن کمیشن نے محفوظ فیصلہ سنا دیا اور مخصوص نشستوں پر نومنتخب ارکان کی درخواستیں منظور کرلیں۔

الیکشن کمیشن نے اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی کو اراکین سے حلف اٹھانے کی ہدایت کردی۔

الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا اسمبلی میں سینیٹ انتخابات کو مخصوص نشستوں پر اراکین کی حلف برداری سے مشروط کر دیا۔

الیکشن کمیشن نے ہدایت کی کہ اسپیکر کے پی کے اسمبلی نے اجلاس بلا کر حلف نہ لیا تو صوبے کی حد تک سینیٹ انتخابات ملتوی کر دیئے جائیں گے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیے گٸے فیصلے میں کہا گیا کہ اسپیکر کے پی اسمبلی اگر پشاور ہائی کورٹ کے فیصلہ پر عمل نہیں کرتے تو انتخابات ملتوی کیے جائیں گے۔

فیصلے میں مزید کہا گیا کہ اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کریں اور مخصوص نشستوں پر نئے ارکان سے حلف نہ لینے کی صورت میں الیکشن کمیشن خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات ملتوی کرنے پر مجبور ہوگا اور صوبے میں سینیٹ الیکشن کی تاریخ میں توسیع کر دی جائے گی۔

فیصلے میں کہا گیا کہ ووٹ ڈالنا ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور کسی کو بھی ووٹ ڈالنے کے حق سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔

واضح رہے کہ پشاور ہائیکورٹ نے گزشتہ روز حکم دیا تھا کہ مخصوص نشستوں پر اراکین سے حلف لیا جائے لیکن سنی اتحاد کونسل کا کہنا تھا کہ مخصوص نشستوں پر حلف نہیں لیا جائے گا اور فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے۔

Read Comments