Aaj Logo

شائع 01 اپريل 2024 03:52pm

بجٹ میں فاٹا کیلئے رقم 66 ارب، اخراجات 96 ارب تک پہنچ گئے

ضم شدہ اضلاع کے لیے بجٹ میں مختص رقم 66 ارب روپے سے بڑھ کر اخراجات 96 ارب روپے تک پہنچ گئے، خیبرپختونخوا حکومت نے آئندہ بجٹ میں فاٹا کے لیے 100 ارب روپے مختص کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

وزارت خزانہ کے ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ رواں مالی سال فاٹا اخراجات میں 30 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق فاٹا کے لیے بجٹ میں رقم 66 ارب مختص کی گئی تھی لیکن اخراجات 30 ارب بڑھ کر 96 ارب روپے ہوگئے ہیں، فاٹا اخراجات میں 30 ارب روپے کے اضافہ پروزارت خزانہ کا فوری رقم ادا کرنے سے انکارکردیا۔

خیبرپختونخوا حکومت نے آئندہ بجٹ میں فاٹا کے لیے 100 ارب روپے مختص کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت نے وزیراعظم، وزارت خزانہ، ایف بی آر اور وزارت توانائی کو ادائیگیوں کے لیے خط لکھ دیا تاہم وزارت خزانہ نے رقم فوری ادا کرنے سے منع کردیا۔

ذرائع کا بتانا ہےکہ خیبرپختونخوا کو نیٹ ہائیڈل، این ایف سی ایوارڈ، فاٹا اخراجات اور دیگرادائیگیوں میں تاخیر کا سامنا ہے، خیبرپختونخوا حکومت نے وزارت خزانہ سے این ایف سی ایوارڈکے ڈیفرینشل کلیم میں 27 ارب جبکہ نیٹ ہائیڈل پرافٹ کی مد میں 67 ارب روپے فوراً دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی ملاقات کے دوران ادائیگیوں کی یقین دہانی کے باوجود رقم جاری نہیں کی گئی۔

Read Comments