Aaj Logo

شائع 05 اپريل 2024 01:32pm

کراچی میں ڈاکو راج، کوئی علاقہ مکمل محفوظ نہیں

کراچی کے بیشتر علاقوں پر ڈاکوؤں کا راج برقرار ہے۔ کوئی بھی علاقہ اسٹریٹ کرمنلز کی چیرہ دستیوں سے مکمل محفوظ نہیں رہا۔ گزشتہ روز پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلے کے دوران فائرنگ کی زد میں آکر مزید دو شہری (سائیں داد اور شبیر) جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ ایک شہری زخمی ہوا۔ مقابلے میں ایک ڈاکو بھی زخمی ہوا جسے گرفتار کرلیا گیا۔

نیا ناظم آباد مین گیٹ کے نزدیک شاہین فورس کا اسٹریٹ کرمنلزسے مقابلہ ہوا۔ ایک شہری غلام مصطفیٰ زخمی ہوا جس کا جناح اسپتال میں علاج ہو رہا ہے۔

سائیں داد کا تعلق عمرکوٹ سے تھا۔ ایک ماہ قبل اس کی شادی ہوئی تھی۔ وہ دوستوں کے ساتھ کراچی میں مزدوری کرتا تھا۔

ایس ایس پی ویسٹ عبدالحفیظ بگٹی نے بتایا کہ مقابلے میں زخمی ہونے والےکڈاکو شاہد میر کلام کے پاس سے غیر قانونی اسلحہ، گولیاں، دو موبائل فون اور نقدی برآمد ہوئی۔

آج نیوز کو حاصل ہونے والے شاہد میر کے بیان کے مطابق وہ اپنے ساتھیوں حبیب اور شبیر کے ساتھ ایک موٹر سائیکل پر تھا۔ حبیب اور اس کے پاس پستول تھا۔ مقابلے میں شاہد زخمی ہوا اور اس کے ساتھی اُسے چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حبیب اور شبیر کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

Read Comments