Aaj Logo

شائع 10 اپريل 2024 01:31pm

امریکی صدر کی طرف سے عید کی مبارک باد، پیغام میں غزہ کا بھی ذکر

امریکا کے صدر جوزف بائیڈن نے کہا ہے کہ عیدالفطر کے پُرمسرّت لمحات امن و استحکام کی راہ ہموار کرنے کا موقع بھی فراہم کرتے ہیں۔

امریکا سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کو عیدالفطر کی مبارک دیتے ہوئے اپنے خصوصی پیغام میں امریکی صدر نے کہا کہ اس موقع پر ہمیں غزہ اور سوڈان کے تنازعات کو بھولنا نہیں چاہیے۔ دنیا کو حقیقی امن اور استحکام کی اشد ضرورت ہے۔

اپنے پیغام میں امریکی صدر نے دنیا بھر میں تنازعات، خانہ جنگی اور نقلِ مکانی سے دوچار افراد سے اظہارِ یکجہتی کیا۔ اس سلسلے میں انہوں نے غزہ اور سوڈان کا خصوصی طور پر ذکر کیا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر ایک پوسٹ میں امریکی صدر نے کہا کہ عالمگیر سطح پر امن و استحکام کی راہ ہموار کرنے اور انسانی جان کے حقیقی احترام کے لیے نئے سرے سے کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا مسلمان عید بھی منارہے ہیں اور اُن لوگوں کے بارے میں بھی سوچ رہے ہیں جو مصائب جھیل رہے ہیں۔ دُنیا کو پُرامن بنانے کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہے۔

Read Comments