Aaj Logo

شائع 13 اپريل 2024 10:54pm

کراچی ائیر پورٹ پر مسافر سے 48 پاکستانی پاسپورٹس برآمد لیکن مسافر پھر بھی رہا

ایف ائی اے نے کراچی ائیرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے49 پاکستانی پاسپورٹس رکھنے والے شخص کو پہلے تو گرفتار کیا لیکن بعد میں رہا کر دیا۔

ایف ائی اے کے مطابق گرفتار مسافر ایک ٹریلو ایجنٹ تھا ، اور اس کے پاس پاسپورٹس ایران لے جانے کے لیے ایرانی سفارتخانے اور پاکستان کے دفتر خارجہ کے اجازت نامے موجود تھے۔

حکام کے مطابق پاکستان میں جارجیا کا سفارتخانہ نہیں ہے۔ اسی وجہ سے جارجیا جانے کے خواہشمند پاکستانی شہریوں کے پاسپورٹس ویزے کے لیے ایجنٹس کے ذریعے قریبی ملک کے سفارتخانے میں جمع کرائے جاتے ہیں۔

محمد عدنان نامی مسافر تہران میں جارجیا کے سفارتخانے میں پاسپورٹس جمع کرائے جارہا تھا، جہاں سے ویزے لگنے کے بعد ایجنٹ وہ پاسپورٹ پاکستان لاکر شہریوں کے حوالے کرتا۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار مسافر کو پاسپورٹ رکھنے کے قانونی شواہد پیش کرنے پر رہا کیا گیا ہے محمد عدنان نامی یہ مسافر کراچی سے براستہ دبئی ایران جا رہا تھا اور اس کے قبضے سے 49 پاکستانی پاسپورٹ برآمد ہوئے تھے۔

حکام کے مطابق قانونی کارروائی کے بعد ایجنٹ کو پاسپورٹس واپس کر کے ایران جانے دیا جائے گا۔

Read Comments