بچی کو پٹخنے کے واقعے پر نئے حقائق بے نقاب، اہلکار پر چارج شیٹ

کراچی ایئرپورٹ پر اے ایس ایف اہلکار نے بچی کو بالوں سے پکڑ کر فرش پر پھینک دیا تھا
شائع 14 اپريل 2024 01:49pm

کراچی ایئرپورٹ پر کم سن بچی کو بالوں سے پکڑ کر فرش پر پھینکنے والے اہلکار کے خلاف کارروائی شروع ہوگئی جب کہ پہلے اے ایس ایف نے دعوی کیا تھا کہ واقعہ ایک برس پرانا ہے اور اہلکار کو سزا دی جا چکی ہے۔

کراچی ایئرپورٹ پر اے ایس ایف اہلکار کے کم سن بچی کو بالوں سے پکڑ کر فرش پر پھینکنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔

ویڈیو میں دیکھا گیا تھا کہ بچی کا والد بیرون ملک سے کراچی پہنچا تھا جسے دیکھتے ہی بچی والد کی جانب دوڑتی گئی۔ تاہم اے ایس ایف اہلکار نے بچی کو چوٹی سے پکڑ کر بے رحمانہ انداز سے نیچے گرا دیا تھا۔

سوشل میڈیا صارفین کی اہلکار پر شدید تنقید کے بعد ائیرپورٹ سکیورٹی فورس کی جانب سے بھی باضابطہ ردعمل سامنے آیا تھا۔

ترجمان اے ایس ایف کا کہنا تھا کہ یہ ایک سال پرانا واقعہ ہے اور اس اہلکار کا انفرادی فعل ہے، اس طرح کے نامناسب اقدام پر اہلکار کے خلاف کارروائی بھی کی گئی ہے۔ اے ایس ایف کسی بھی قیمت پر ایسے کسی عمل کی اجازت نہیں دیتی۔

تاہم اے ایس ایف کے گزشتہ روز کے دعوے کے برعکس اب یہ بات سامنے آئی ہے کہ واقعہ ایک مہینے پرانا ہے اور اہلکار کے خلاف کارروائی اب شروع ہوئی ہے، جب کہ چارج شیٹ بھی سامنے آگئی ہے۔

Read Comments