Aaj Logo

اپ ڈیٹ 17 اپريل 2024 07:22pm

جعلی اوور بلنگ کرنے والے بجلی کمپنی کے متعدد افسران گرفتار، انتقاماً ایف آئی اے آفس کی بجلی منقطع

عدالت نے جعلی بلنگ اور بوگس انٹریز کرنے کے الزام میں گزشتہ روز گرفتار کئے گئے گیپکو افسران کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔

بدھ کو ایف آئی اے نے گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) کے گرفتار افسران اور ملازمین کو عدالت میں پیش کیا، گیپکو کے 20 افسران اور ملازمین کو گزشتہ رات ایف آئی اے نے حراست میں لیا تھا۔

ایف آئی اے نے گیپکو افسران اور ملازمین کے خلاف جعلی بلنگ اور بوگس انٹریز کرنے پر مقدمہ درج کروایا تھا۔

گرفتار ملزمان میں پانچ ریونیو آفیسرز، اسسٹنٹ منیجر اور ایڈیشنل منیجرز شامل ہیں۔

علاوہ ازیں ملزمان میں چھ ڈویژنل اکاؤنٹ آفیسرز اور پانچ کمرشل اسسٹنٹ اور ملازمین بھی شامل ہیں۔

وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے ملک بھر میں اوور بلنگ پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کا حکم دے رکھا ہے۔

وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ اوور بلنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے پاکستان بھر میں اوور بلنگ میں ملوث عملے کے خلاف بلا امتیاز ایکشن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اوور بلنگ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے ملک بھر میں بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے کا بھی حکم دیا اور ایف آئی اے افسران کو اوور بلنگ اور بجلی چوروں کے خلاف 100 فیصد کارکردگی دکھانے کی ہدایت کی۔

ان کا کہنا تھا کہ اوور بلنگ عوام سے ظلم کے مترادف ہے۔ اس میں ملوث عملہ کسی رعایت کا مستحق نہیں۔

دوسری جانب ایف آئی اے کی جانب سے 20 گیپکو افسران کی گرفتاری کے بعد گیپکو نے ایف آئی اے کے ریجنل آفس کی بجلی کاٹ دی جس کے بعد ایف آئی اے کا عملہ بغیر بجلی کے ہی کام کرنے پر مجبور ہوگیا۔

Read Comments